کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن مڑواہ کے جنگلات میں سبز سونے کی بے دریغ کٹائی جاری ہے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں سرسبز درختوں کی بے دریغ کٹائی دیکھی جاسکتی ہے۔منگلی و آفتی کے جنگلات میں ان درختوں کو کاٹا گیا ہے جسکے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور فارسٹ گارڈ کو معطل کردیا جبکہ اسکے خلاف تحقیقات کا حکم جاری کیا گیا۔ مڑواہ فارسٹ ڈویژن کے کمپارٹمنٹ نمبر 47میں غیر قانونی طور درختوں کی کٹائی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوے ڈی ایف او مڑواہ نے رینج افسر کو موقعہ پر جاکر حالات کا جایزہ لینے کو کہا جس دوران وہاں کئی فٹ لکڑی بھی ضبط کی گئی جبکہ ڈی ایف او مڑواہ بھی جلد دورہ کررہے ہیں اور ملوثین کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں نے بھی سبز سونے کی لوٹ پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور اس کام میں ملوث سبھی افراد کے خلاف سخت کاروائی کی مانگ کی ہے۔انھوں نے کہا کہ جہاں ایک طرف ملازمین شجرکاری مہم چلاکر ہر وقت ماحول کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں وہیںچند عناصر ان سرسبز درختوں کی بیدردی سے کٹائی کرتے ہیں جو ناقابل قبول ہے۔