عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ مڑواہ کے نواپچی کے کُمہار محلہ میں جمعرات کی دوپہر ایک رہائشی مکان میں سولر پینل سسٹم میں شارٹ سرکٹ سےاچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے میں مکان اور گھریلو سامان کو بھاری نقصان پہنچا۔پولیس رپورٹ کے مطابق متاثرہ مکان عبدالرشید ولد عبدالصمد کُمہار اور غلام قادر ولد عبدالرحمان کُمہار کا ہے۔ آگ لگنے سے مکان کو کافی نقصان پہنچا جبکہ گھر کے اندر موجود قیمتی سامان بھی جل کر خاکستر ہو گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے کی کوشش شروع کی۔ اس دوران فوج پولیس اسٹیشن مڑواہ کی ٹیم ایس ایچ او لال حسین کی قیادت میں موقع پر پہنچی ٹیم نے آگ پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بروقت کارروائی کی بدولت آگ کو پھیلنے سے روک لیا گیا جس سے ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا۔