مڈل سکول چیوہ ترال کادرجہ بڑھانے کی مانگ

ترال// ترال کے چیوہ الر ترال کی مقامی آبادی نے علاقے میں قائم سرکاری مڈل سکول کو بچوں اور مقامی لوگوں کے مطالبے کو مد نظر رکھتے ہوئے مڈل سے ہائی سکول درجہ بڑہانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مقامی ولیج ویلفیئر کمیٹی کے ایک وفد نے بتایا کہ گائوں میں پیلے دو پرائمری سکول تھے جن کو محکمہ نے ایک مڈل سکول میں تبدیل کیا تھا جہاں اس وقت 102بچے زیر تعلیم ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ انہیں گائوں میں ہائی سکول کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ ان کے بچے مندورہ نامی نزدیکی گائوں میں قائم ہائی سکول میں زیر تعلیم تھے جہاں سے ان کے بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کی جاتی تھی تاہم گائوں میں سکول کو اپنی عمارت نہ ہونے کے وجہ سے اس اسکول کو گائوں سے دور سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے ۔جو چیوہ الر کے بچوں کوکافی دور ہونے کے ساتھ ساتھ دشوار گزار راستوں سے چلنا کئی لحاظ سے مناسب نہیں ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ وہ اس حوالے سے حال ہی میں صوبائی کمشنر کشمیر سے بھی ملے ۔لوگوں نے محکمہ اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ بچوں اور علاقے کے والدین کے مطالبہ کو مد نظر رکھ کر سکول کا درجہ بڑھایا جائے ۔