راجوری //تعلیمی زون کوٹرنکہ کے گورنمنٹ مڈل سکول سیاری میں عملے کی قلت اور نامعقول تعلیمی نظام کی وجہ نا خوش مقامی لوگوں نے نتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ بچوں کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کر رہی ہے ۔اس سلسلہ میں مقامی لوگوں نے ایک اجلاس کا اہتمام کیا جس میں سکول کے تعلیمی نظام ودیگر سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلے خیال کیا گیا ۔اجلاس کے دوران مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ ایجوکیشن سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں بچوں کی بہترتعلیم کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ان کے بچوں کو معیاری اور جدید تعلیم نصیب ہو سکے ۔مقامی سرپنچ محمود فاروق انقلابی نے کہاکہ سکول میں عملے کی غیر حاضری کی وجہ سے بچوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اسی وجہ سے سکول میں کوئی معیاری نظام تعلیم بھی نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ سکول میں جا کر تعلیمی نظام کو چیک کیا گیا لیکن خستہ تعلیمی نظام کی وجہ سے بچوں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی سرپنچ نے کہاکہ سکول میں ہیڈ ماسٹر کی کرسی خالی پڑی ہوئی ہے جبکہ زیادہ تر سٹاف ممبران غیر حاضر رہتے ہیں جبکہ کچھ ایک کو اٹیچ کردیا گیا ہے جوکہ قانون کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اور ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں نظام تعلیم کی بہتری کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔