مڈل سکول اسلامہ آباد ہاڑی کی حالت انتہائی ابتر

 سرنکوٹ//سرنکوٹ کے ہاڑی علاقہ میں قائم کردہ گور نمنٹ مڈل سکول اسلامہ آباد انتہائی ابتر حالت میں ہے جس کی وجہ سے بچوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ 3کمروں پر مشتمل عمارت گزشتہ کئی عرصہ سے ابتر حالت میں ہے تاہم متعلقہ محکمہ و مقامی انتظامیہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے گور نمنٹ مڈل سکول اسلامہ آباد کی عمارت کو کئی برس قبل تعمیر کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد اس عمارت کی مرمت کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے جسکی وجہ سے عمارت آہستہ آہستہ نا قابل استعمال ہو تی جارہی ہے ۔مکینوں نے بتایاکہ اس جدید دور میں بھی ان کے بچے غیر معیاری اور قدیم طرز کی عمارت میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اب سکول کی چھت بھی ٹو ٹنا شروع ہو گئی ہے جبکہ کئی جگہوں سے پانی داخل ہونا بھی شروع ہو گیاہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ عمارت کی خراب حالت کی وجہ سے سکول میں بچوں کو پڑھائی کے اعتبار سے معیاری ماحول ہی نہیں مل رہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سکول کی خستہ حال عمارت کی جلدازجلد مرمت کی جائے تاکہ بچوں کو معیاری سہولیات دستیاب ہو سکیں ۔