جموں//راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت جمعرات کو چار روزہ دورے پر جموں پہنچے ۔ پانچ اگست 2019 کو جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کے خاتمے اور اس کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ جموں ہے ۔سنگھ ذرائع نے بتایا کہ اس دورے کے دوران موہن بھاگوت دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد آر ایس ایس کے موقف کا خاکہ پیش کرنے کے علاوہ سنگھ کی تنظیمی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ موصوف سربراہ 2 اکتوبر کو جموں یونیورسٹی کے زورا ور سنگھ آڈیٹوریم میں ایک بڑی تقریب سے خطاب کرنے والے بھی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے پیش نظر وہ 3 اکتوبر کو صبح کے ساڑھے دس بجے زوم ایپ کے ذریعے سوئم سیوک کارکنوں سے خطاب کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق موصوف سنگھ کے سینئر ارکان کے ساتھ علیحدہ میٹنگ کریں گے جن میں تنظیمی امور اور تنظیم کے جموں میں کشمیر میں مزید استحکام پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے کچھ لیڈران بھی آر ایس ایس سربراہ سے ملاقی ہونے کی توقع ہے ۔
موہن بھاگوت 4روزہ دورے کیلئے جموں وارد
