اوڑی//اوڑی کنٹرول لائن پر واقع موٹھل نامی گائوں میں9 سال قبل محکمہ صحت کی جانب سے ایک سب سنٹر پر کام شروع کیا گیا جو ہنوز نامکمل ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق 2011 میں ٹرائبل سکیم کے تحت اس ’سب سنٹر‘ کی منظوری دی گئی اور اپریل 2011میں ہی محکمہ آراینڈ بی نے اس کیلئے عمارت تعمیر کرنے کا کام شروع کیا ۔ لوگوں کے مطابق عمارت کی بنیاد (پلنتھ )کو تعمیر کیا گیا ۔9 سال گزرنے کے باجود بھی ابھی تک اس عمارت پر دوبارہ کام روع نہیں کیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے معاملہ صوبائی کمشنر کشمیر، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہاور چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ کی نوٹس میں بھی لایا لیکن کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔لوگوں نے بتایاکہ اُن کا گائوں کنٹرول لائن پر واقع ہے اور گولہ باری کے دوران اکثر زد میں آتا ہے اور طبی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔فی الوقت سب سنٹر گائوں میں ایک کمرے میں قائم ہے ۔چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ ڈاکٹر دیبا نے بتایا کہ اْنہیں اس سلسلے میں کوئی جانکاری نہیں ہے تا ہم وہ جانکاری حاصل کرکے کارروائی کریں گی۔