راجوری//خوراک، شہری رسدات اور امور صارفین و اطلاعات کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ رقومات کو منصفانہ طور خرچ کر کے عوامی افادیت کے اثاثے تعمیر کئے جائیں۔وزیر یہاں ڈاک بنگلہ میں حلقہ انتخاب درہال کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں کے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقعہ پر خاص سڑکوں پر میکڈم بچھانے، بجلی اور پینے کے پانی، سکولوں اور ہسپتالوں میں عملے کی تعیناتی اور ایم جی نریگا اور پی ایم اے وائی میں رقومات کی واگذاری کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ چودھری نار داجاج، راجوری۔ درہال، بدھل۔ گبار، سواری، جمولا اور سیمبلی سڑکوں کو وقت پر مکمل کرنے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے موسم کے اختتام پر میکڈم بچھانے کا کام شروع کیا جائے ۔انہوں نے چیف ایجوکیشن افسروں اور چیف میڈیکل افسروں کو ہدایت دی کہ وہ تعلیمی و طبی اداروں میں عملے کو تعینات کرنے کے انتظامات کریں۔وزیر نے ہدایت دی کہ سرکاری رقومات کو منصفانہ طور خرچ کر کے عوامی افادیت کے اثاثے تعمیر کئے جائیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری، اے ڈی ڈی سی اے ایس چِب، ایس ایس پی یوگل منہاس اور دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔