موسم سرما کیلئے مشترکہ کنٹرول روم قائم کریں :صوبائی کمشنر

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اپنے متعلقہ اضلا ع کے علاوہ گریز اور ٹنگڈار میںموسم سرما کے لئے انتظامات اور تیاریوں کی خاطر مشترکہ کنٹرول رومز قائم کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ سردیوں کے ایام میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔صوبائی کمشنر نے یہ ہدایات ایک میٹنگ کے دوران دیںجس میں کرگل اور لیہہ اضلاع سمیت وادی کے تمام علاقو ں میں امکانی برفباری سے پیداشدہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیاریوں کاجائزہ لیا گیا ۔صوبائی کمشنر نے ایم ای ڈی اور آر اینڈ بی محکموں کو سردیوں کے ایام کے لئے سنو کٹر مشینوں کو تیار رکھنے کے علاوہ دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوںنے نشیبی علاقوں میں برف ہٹانے اور سڑکوں اورگلیوں میں جمع شدہ پانی ہٹانے کے لئے ایس ایم سی کو افرادی قوت اور مشینری تیاری کی حالت میںرکھنے کے احکامات دئیے۔ضلع انتظامیہ پر موسم سرما کے لئے لازمی اشیأ بشمول مٹی کا تیل،رسوئی گیس،بجلی اورپانی کی اطمینان بخش سپلائی اورادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔صوبائی کمشنر نے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے تمام ضلع ترقیاتی کمشنر وں کو اپنے متعلقہ اضلاع میںیکم اکتوبر کو میٹنگ منعقد کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے ترقیاتی کمشنروں کے دفتروں میں مشترکہ کنٹرول روم قائم کرنے پر بھی زوردیا۔اس دوران صوبائی کمشنر کشمیربصیر احمد خان نے کہا کہ سرکار پچھڑے اوردوردراز علاقوں میںہر ممکن لازمی سہولیات دستیاب رکھنے کی وعدہ بند ہے۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار آج ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں صوبہ کشمیر کے علاوہ لیہہ اور کرگل کے دوردراز علاقوں میں اشیائے خوردنی،مٹی کے تیل،ایل پی جی اوردیگر لازمی اشیأ کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر ناظم خوراک،رسدات اور عوامی تقسیم کاری نے بتایا کہ لیہہ اورکرگل سمیت صوبہ کشمیر کے دوردراز علاقوں میں 85فیصد سٹاکنگ کی گئی ہے جب کہ باقی سٹاک اگلے پندرہ دنوں میںپہنچایا جائے گا۔صوبائی کمشنرنے خوراک،رسدات اور عوامی تقسیم کاری محکمے کو پہاڑی اور برفانی علاقوں میں اشیأ ضروریہ کا پورا سٹاک پہنچانے کی ہدایت دی تاکہ برفباری کے دوران لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تیل کمپنیوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان علاقوں میں ضرورت کے مطابق پٹرول ،ڈیزل اورایل پی جی روانہ کیا جائے گا۔صوبائی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،اے ڈی سی سرینگر،ناظم خوراک رسدات وامور صارفین اور چیف جنرل منیجر فارسٹ کارپوریشن اورجی ایم جے کے آر ٹی سی کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ ضلع ترقیاتی کمشنران لیہہ،کرگل ،بانڈی پورہ ،بڈگام ،پلوامہ اور اننت ناگ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔