سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جمعہ کی شام سے موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی جس کی وجہ سے شہر سمیت وادی کے دور دراز علاقوں میں ہلکی بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ۔سنیچر کی شام تک موسم جوں کا توں رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔سہ پہر کے بعد شہر سرینگر میں تیز ہوائیں چلنا شروع ہوئیں اور شدید سردی میں اضافہ ہوا۔ شام کے وقت ہلکی بوندا باندی شروع ہوئی جبکہ زوجیلا، دراس ،سونہ مرگ نستہ چھن گلی ، افروٹ اورپیر کی گلی پر تازہ برف باری شروع ہوئی ۔ یاد رہے کہ سرینگر جموں شاہراہ پر جمعہ کے روز مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل حمل بندر ہی، وہیں وادی کو لداخ کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر لیہہ شاہراہ اور مغل روڑ جمعہ کومسلسل چوتھے روز بھی بند رہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ موسم ابر آلود رہنے کے نتیجے میں رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری آئی ہے۔جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات درجہ حرارت 2.3 ڈگری جبکہ قاضی گنڈ می 3.5 ڈگری ریکارڈ ہوا ۔ گلمرگ میں منفی 5.2 ، پہلگام میں منفی 0.8 ، کپوارہ میں 3.0 ، کوکر ناگ میں1.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق کشمیر ،پیر پنچال اور خطہ لداخ کے بالائی علاقوں میں آج بھی شام تک موسم جوں کا توں رہے گا اس بیچ میدانی علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکے سے درمیانہ درجہ کی برف باری ہو گی ۔انہوں نے بتایا کہ 14دسمبر سے ایک ہفتہ تک برف باری کا کوئی بھی امکان نہیں ہے ۔