سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی اور چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے وادی میں پچھلے ہفتے کی برفباری کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے بہتر اقدامات کرنے کیلئے کشمیر کی صوبائی انتظامیہ کی تعریف کی ۔ چونکہ وادی میں اس ہفتے کے آخر میں مزید برفباری کی پیشن گوئی کی گئی ہے لہذا مشیر موصوف اورچیف سیکرٹری یہاں ونٹر سیکرٹریٹ میں وارد ہوئے اور وادی میں سول اورپولیس انتظامیہ کی طر ف سے کی گئی تیاریوں کا جائیزہ لیا ۔ ڈویژنل کمشنر بصیر احمد خان ، آئی جی پی کشمیر ایس پی پانی ، ڈی سی سرینگر سید عابد رشید شاہ اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے جبکہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ مشیر اورچیف سیکڑٹری نے پچھلے ہفتے کی برفباری کے بعد کم سے کم وقت میں معمولات زندگی بحال کرنے کی خاطر صوبائی انتظامیہ اور ریاستی محکموں کی سربراہوں کی طرف سے سے کی گئی سنجیدہ کوششوں کیلئے اُن کی تعریف کی تا ہم خورشید گنائی نے وادی کے کچھ حصوں میں سڑکوں او ر گلی کوچوں میں سے برف ہٹانے کے کام میں ہوئی تاخیر کا نوٹس لیا ۔ انہوں نے ڈویژنل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ وادی کے دوردراز علاقوں کی طرف بھی توجہ مرکوز کریں تا کہ ناخوشگوار موسمی حالات کے دوران عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں ے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ ناساز گار موسم کی وجہ سے پیدہ شدہ واجبات کو کلئیر کرنے کیلئے ایس ڈی آر ایف فنڈس کو استعمال کریں انہوں نے کہا کہ ایمر جنسی حالات کے دوران قوانین کے تحت ایس ڈی آر ایف رقومات سے مزید ٹرانسفارمر خریدے جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے ان رقومات کے منصفانہ استعمال پربھی زور دیا ۔ چیف سیکرٹری نے ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ برف سے پیدا خوبصورتی کے مناظر کو موثر طریقے پربروئے کار لائیں تا کہ ریاست کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک اعلیٰ مقام کے سرمائی سیاحتی مرکز کے طور پر اجاگر کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو وادی کی طرف راغب کرنے میں برفباری ایک اہم رول ادا کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی فلمیں بنا کر انہیں سوشل میڈیا پر ڈال کر سیاحتی وسائل کی تشہیر کی جاسکتی ہے ۔ اس سے پہلے ڈویژنل کمشنر کشمیر نے خورشید گنائی اور چیف سیکرٹری کو برفباری کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور سول انتظامیہ کی طرفسے کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی انہیں بتایا گیا کہ وادی کے مختلف علاقوں میں 9 انچ سے لیکر ساڑھے 3 فُٹ تک کی برف ریکارڈ کی گئی ۔ بصیر احمد خان نے کہا کہ 97 فیصد سڑک رابطے بحال کئے گئے اور مختلف محکموں بشمول صحت ، پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای نئے معمول کی زندگی کو بحال رکھنے کیلئے تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں انہوں نے کہا کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ کو ایتوار کو ہی یک طرفہ ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنروں نے مشیر اور چیف سیکرٹری ٰ کو اُن ایمر جنسی کاموں کے بارے میں جانکار ی دی جو برفباری کے بعد لازمی بن گئے انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں ایل پی جی ، چاول ، کھانڈ اور تیل خاکی کا وافر سٹاک موجود ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ناساز گار موسی حالات کو دوران لوگوں کودقعتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ڈپٹی کمشنروں نے ٹرانسفارمروں کا وافر سٹاک اپ گریٹ کرنے کیلئے اضافی مالی معاونت طلب کی تا کہ بلا خلل بجلی سپلائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ محکمہ موسمیات کے سربراہ سونم لوٹس نے میٹنگ میں بتایا کہ آئیندہ جمعہ سے وادی میں پھر سے برفاباری کی پیشن گوئی ہے تا ہم یہ پچھلے ہفتے کے جیسے شدید نہیں ہو گی انہوں نے کہا کہ ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری اور بارشیں 14 جنوری تک جاری رہ سکتی ہیں ۔