سرینگر/جموں وکشمیر کے بیشتر حصوں میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران کہیں موسلادھار تو کہیں ہلکی بارشیں ہوئیں۔ مسلسل بارشوں کے نتیجے میں جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ انتظامیہ نے دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے اور اس کی معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد جنوبی کشمیر کے خطرے والے علاقوں میں سیلاب کا الرٹ جاری کردیا ہے ۔ محکمہ اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول کے چیف انجینئر (کشمیر) انجینئر ایم ایم شاہنواز نے کہا ’مسلسل بارشوں کے سبب سنگم کے مقام پر دریائے جہلم نے الرٹ کی سطح جو کہ 21 فٹ مقرر ہے، کو عبور کرلیا ہے۔ جنوبی کشمیر میں جہلم کے کناروں کے نذدیک اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ چوکنا رہیں‘۔ انہوں نے کہا ’سنگم کے مقام پر دریائے جہلم میں شام کے چھ بجے پانی کی سطح 21 اعشاریہ 33 فٹ تھی، جو کہ الرٹ کی سطح سے زیادہ ہے‘۔ وادی بھر میں جمعہ کو مسلسل بارشوں کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ شدید بارشوں کے سبب وادی کا بیرون دنیا سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔ بارشوں کی وجہ سے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر مٹی کے تودے اور پتھر گر آئے جس کی وجہ سے اسے گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ ایک ٹریک پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’سری نگر جموں شاہراہ پر کئی ایک مقامات بالخصوص ضلع رام بن میں مٹی کے بھاری برکھم تودے گر آئے ہیں۔ اس کو دیکھتے ہوئے ہم نے اس پر گاڑیوں کی آمدورفت کو روک دیا ہے‘۔ یو این آئی