ممبئی//آنجہانی سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی طرز پر ایک بڑے لیڈر کے قتل کرنے کے منصوبے تیار کرنے کے الزام میں ما ئونوازوں کی گرفتاری عمل میں آئی تھی ،لیکن اب اس بات کا انکشاف ان نکسلوادیوںسے برآمد ایک خط سے ہوا کہ مذکورہ بڑا لیڈر اور کوئی نہیں وزیراعظم نریندرمودی ہیں،جس کی وجہ سے سنسنی پھیل گئی ہے ۔ واضح رہے کہ پونے پولیس نکسل وادیوں سے تعلقات کی بنا ئپر رونا ولسن ،ریپلکن دلت پنتھرکے سدھیر ڈھاولے ،ناگپور کے ایک وکیل سریندر گڈلنگ،معلم سوما سینا اور مہیش را ت کو گرفتار کیا تھا اور ان ملزمین کو پونے کی عدالت میں پیش کیا تاکہ پولیس تحویل میں لے لیا جائے ،ان کے ریمانڈ کے لیے دلیل پیش کرتے ہوئے سرکاری وکیل اجول پوار نے عدالت کو مطلع کیا کہ گرفتار شدگان نے راجیو گاندھی کی طرز پر قتل کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔رونا ولسن کے گھر سے برآمد کیے گئے لیپ ٹاپ میں پائے گئے ایک مکتوب سے یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا ،جبکہ چار لاکھ راونڈ فائر کرنے والی ایم 4خریدنے کا نکسل وادیوں کے منصوبے کا ذکر خط میں پایا گیا جبکہ پوار نے عدالت میں کہا کہ اس خریداری کے لیے آٹھ کروڑدینے کی خواہش ظاہر کی گئی تھی۔ نکسل وادیوں سے برآمد مکتوب میں تحریر ہے کہ ملک کی 15ریاستوںمیں برسراقتدار آنے کے نتیجے میں مودی پُرمسرت ہے ،اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو تنظیم کو کافی نقصان پہنچے گا کامریڈ کسن اور سنیئر کامریڈسوما سینا نے مودی راج کی روک تھام کے لیے کچھ اطلاع دی ہے اور اس تعلق سے ہم راجیو گاندھی کی طرز کے منصوبے پر غورکررہے ہیں ،جوکہ خودکش ہوگا۔ہمیں امید ہے کہ تنظیم اس تجویز پر غورکرے گی ،ہمارے منصوبے کے مطابق 'روڈ شو'کے دوران انہیں نشانہ بنایا جائیگا۔ہمار اخیال ہے کہ پارٹی کو بچانے کے لیے قربانی دینا کافی اہمیت کا حامل ہے ۔مزید آئندہ خط میں پیش کیا جائیگا۔ دریں اثنائسی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے پونے پولیس کی گرفتاری اور انکشاف پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنا کام کررہی ہیں اور معاملہ عدالت میں ہے ،اس لیے قانون اپنا کام کرے گا اور سچائی سامنے آئے گی۔یو این آئی