نئی دہلی//ہندوستان 27 جنوری کو پہلے ہند۔ وسطی ایشیا چوٹی کانفرنس کا انعقاد کرے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی میزبانی میں ورچول توسط سے ہونے والی اس چوٹی کانفرنس میں قزاقستان ، جمہوریہ کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے سربراہان شرکت کریں گے ۔پہلے ان لیڈران کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر آنے کا پروگرام بن رہا تھا لیکن کووڈ وبا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اب اس اجلاس کا انعقاد ویڈیو لنک کے توسط سے کیا جائے گا۔ ہندوستان اور وسطی ایشیا کے ممالک کے درمیان سربراہی سطح کا یہ پہلا اجلاس ہوگا جو وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ہندوستان کی بڑھتی قربتو ں کی نشانی ہے ۔ ہندوستان ان ممالک کو توسیعی ہمسایہ کے طور پر دیکھتا ہے ۔وزیر اعظم مسٹر مودی نے سال 2015 میں تمام وسطی ایشیائی ممالک کا تاریخی دورہکیا تھا، اس کے بعد ان ممالک کے ساتھ دو فریقی اور کثیر فریقی اسٹیجوں پر اعلی سطحی روابط میں اضافہ ہوا ہے ۔
این ڈی آر ایف کا یوم تاسیس،وزیر اعظم کی مبارکباد
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم کو اس کے یوم تاسیس پر مبارکباد دی۔اپنے ٹویٹ میں مسٹر مودی نے کہا‘‘محنت سے کام کرنے والی این ڈی آر ایف ہیڈ کوارٹر ٹیم کو ان کے یوم تاسیس پر مبارکباد۔ وہ بہت سے بچاؤ اور امدادی اقدامات سمیت اکثر انتہائی مشکل حالات میں میں سب سے آگے رہے ہیں۔ این ڈی آر ایف کی ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت انتہائی متاثر کن ہے ۔ ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات۔’’انہوں نے مزید کہا‘‘ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکومتوں اور پالیسی سازوں کے لیے ایک اہم موضوع ہے ۔ ایک رد عمل کے نقطہ نظر کے علاوہ جہاں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں آفات کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرتی ہیں، ہمیں تباہی سے بچنے والے انفراسٹرکچر کے بارے میں سوچنے اور اس موضوع پر تحقیق پر توجہ دینے کی بھی ضرورت ہے ۔"وزیر اعظم نے کہا‘‘ ہندوستان نے 'کولیشن فار ڈیزاسٹر ریزیلینٹ انفراسٹرکچر' کی شکل میں ایک پہل شروع کی ہے ۔ ہم اپنی این ڈی آر ایف کی ٹیموں کی مہارت کو مزید تیز کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں تاکہ ہم کسی بھی چیلنج کے دوران زیادہ سے زیادہ جانوں اور املاک کو بچا سکیں۔