سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے تمام اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں مقررہ تاریخ سے پہلے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔امت شاہ نے متعدد ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر امن اور خوشحالی کی طرف گامزن ہیں، میں وزیر اعظم نریندر مودی اور جل شکتی کے وزیر گجندر سنگھ شیخاوت کا مشکور ہوں جنہوںنے جموں و کشمیر کے تمام اسکولوں اور آنگن واڑی مراکز میں وقت سے پہلے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا‘‘۔ امت شاہ نے مزید کہاکہ ’’سابق حکومتوں نے جموں و کشمیر کے شہریوں کو کئی دہائیوں سے ترقی سے محروم رکھا اور صرف اپنے خاندانوں کا خیال رکھا۔ انہوںنے کہاکہ نریندر مودی نے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیاہے جو غریب شہریوں کو مرکزی دھارے سے جوڑتا ہے اور اس کے نتیجے میں جموں و کشمیر تمام شعبوں میں آگے بڑھ رہا ہے‘‘۔