نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی یوم شہدا کے موقع پر بدھ کوکولکاتہ کے وکٹوریا میموریل ہال میں واقع بپلوبی بھارت گیلری کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ افتتاح کریں گے۔وزیراعظم پروگرام کے دوران وہاں موجود لوگوں سے خطاب بھی کریں گے۔اس گیلری میں جدوجہد آزادی میں انقلابیوں کے تعاون اور برطانوی استعمار کے خلاف اْن کی مسلح مزاحمت کو دکھایاگیا ہے۔ اس پہلو کو اکثر جد وجہد آزادی کے اصل دھارے میں اکثر مناسب مقام نہیں دیاجاتا ہے۔نئی گیلری کا مقصد ان تمام واقعات کی ایک جامع تصویر پیش کرنا اور انقلابیوں کے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ بپلوبی بھارت گیلری اس وقت کے سیاسی اور فکری پس منظر کی ایک جھلک پیش کرتی ہے جس نے انقلابی تحریک کو متاثر کیا۔ اس گیلری میں انقلابی تحریک کے آغاز، انقلابیوں کی اہم تنظیموں کی تشکیل، تحریک کی توسیع، انڈین نیشنل آرمی کی تشکیل اور بحری بغاوت میں شراکت وغیرہ کو دکھایا گیا ہے۔