دہلی// وزیراعظم نریندر مودی 22 دسمبر کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جشن صد سالہ کی تقریبات کا افتتاح کریں گے ۔ مودی منگل کی صبح 11 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس تقریب کا افتتاح کریں گے ۔اس موقع پر مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال ’نیشنک‘ اور یونیورسٹی کے چانسلر سیدنا مفضل سیف الدین بھی ہوں گے۔ مودی اس تقریب میں یونیورسٹی پر ایک میموریل ڈاک ٹکٹ جاری کریں گے۔غور طلب ہے کہ سر سید احمد خان نے 1875 میں ’’محمڈن اینگلو اورینٹل کالج‘‘ کی داغ بیل ڈالی تھی جسے 1920 میں لیجسلیٹیو کونسل آف انڈیا ایکٹ کے ذریعے (علی گڑھ مسلم) یونیورسٹی کا درجہ ملا تھا۔ تقریباً 467 ہیکٹر میں پھیلے اس کے کلیدی کیمپس کے علاوہ علی گڑھ سے باہر اس کے تین دیگر کیمپس بھی ہیں جن میں ایک بہار کے ضلع کشن گنج، دوسرا ملِّیپورم۔کیرالا اور تیسرا مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں ہے۔
وزیر اعظم کی گرودوارہ رکاب گنج میں حاضری
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کی صبح گرودوارہ رکاب گنج جاکر سکھوں کے نویں گرو گرو تیغ بہادر کو ان کی قربانیوں کو یاد کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مودی اچانک صبح کے وقت گردوارہ رکاب گنج پہنچے اور سکھ گرووں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ماتھا ٹیکا۔ انہوں نے گرو تیغ بہادر کو ان کی قربانیوں کے لئے یاد کیا۔جس وقت وزیر اعظم گرودوارے پہنچے ، سڑکوں پر پولیس کا کوئی بندوبست نہیں تھا اور عام لوگوں کی سہولت کے پیش نظر بندشیںبھی نہیں لگائی گئی تھیں۔