کٹھوعہ//پنجاب کے وزیر خزانہ من پریت سنگھ بادل نے مودی سرکار پر کھوکھلے وعدوں کے بغیر کُچھ نہیں کرنے کا الزام لگایا ہے۔وہ یہاں منگل کے روز اودہمپور ۔کٹھوعہ۔ڈوڈہ کے پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کے حق میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مودی سرکار پر جھوٹے وعدے کرکے لوگوں کو بہکانے کا الزام لگاتے ہوئے عوام کے ساتھ انتخابات سے قبل کئے گئے وعدوں کوپورا کرنے میں ناکام رہنے پر تنقید کی۔بادل نے کہا کہ مودی سرکار نے بدیشی ممالک سے کا لا دھن واپس لانے اور ملک کے ہر ایک شہری کے بینک کھاتوں میں15لاکھ روپے جمع کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایس کُچھ نہیں کیا ہے۔انہوں نے مرکز میں بی جے پی سرکار کے انخلا کیلئے سیکولر طاقتوں کو مستحکم بنانے کے لئے کوششیں کرنے پر زور دیا ۔پنجاب سرکا رکے وزیر تعمیرات عامہ وجے اندر سنگلہ نے بی جے پی کو ہر محاذ پر ناکام رہنے کا الزام لگایا اور کہا کہ لوگ اس کا مناسب جواب دینے کے انتظار میں ہیں۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران ہر سو ترقی کے دعویٰ کر رہے ہیں لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی سرکار نے جموں خطہ خصوصاً دیہی علاقوں کو ہر شعبہ میں فراموش کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو پارٹی لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، اُسے عوام سے ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں ہے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اودہمپور ۔کٹھوعہ۔ڈوڈہ کے پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی نے ضلع کٹھوعہ کو ہر شعبہ میںیکسر نظر انداز کیا ہے۔اُس نے کہا کہ گذشتہ چار برسوں کے دوران ایک بھی ٹیچر یا ماسٹر کی تعیناتی ایس ایس اے کے تحت نہیں کی گئی ہے۔علاوہ ازیں ، جن آر ای ٹی اساتذہ نے پانچ سال کی مدت پوری کی ہے انکو بھی باقاعدہ نہیں بنایا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ یہی صورتحال این ایچ آر ایم سکیم کا بھی ہے۔کٹھوعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کانگریس کے دور میں کٹھوعہ کو 7ڈگری کالج ،یونیورسٹی کیمپس ،میڈیکل کالج منظور کیا گیا ہے جبکہ بی جے پی نے اپنے دور اقتدار میں ان پروجیکٹوں پر کام کی رفتار میں تیزی بھی نہیں لائی جا سکی اور کسی بھی نئے پروجیکٹ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔وکرما دتیہ نے کہا کہ بی جے پی جموں خطہ کے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور لوگوں سے کانگریس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔