پٹنہ// راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کے دور اقتدار میں ملک بحران سے گزر رہا ہے اس لئے یکساں نظریات رکھنے والی جماعتوں کو متحد ہوکر مرکزی حکومت کو اکھاڑ پھینکنا ہے ۔مسٹر یادو نے یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں آر جے ڈی کے صدر کے عہدہ کے لئے دسویں بار نامزدگی داخل کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہاکہ مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے ) حکومت کے دور اقتدار میں ملک میں ایمرجنسی جیسی صورتحال بنی ہوئی ہے ۔ اس لئے وہ یکساں نظریات والی جماعتوں کو متحد کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسی جماعتوں کو متحدہوکر مودی حکومت کو اقتدار سے ہٹا دینا ہے ۔آر جے ڈی صدر نے کہاکہ بی جے پی کو ملک کے آئین پر تھوڑا بھی بھروسہ نہیں ہے ۔ ان کی پارٹی آر جے ڈی کے آئین کے تئیں پرعزم ہے اور جماعت کی بنیاد اتحاد، یکجہتی اور سیکولرازم پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں تمام کو مل جل کررہنا ہوگا۔مسٹر یادو نے کہاکہ ملک میں کم پڑھے لکھے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے اسی وجہ سے کسی کو اے ٹی ایم اور جی ایس ٹی کے سلسلہ میں معلومات نہیں ہے اس لئے اے ٹی ایم اور جی ایس ٹی کو ختم کردینا چاہئے ۔ لوگوں کو یہ چیزیں سمجھ میں نہیں آرہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کا ہر طبقہ مرکز کے تاناشاہ رویہ سے پریشان ہے ۔آرجے ڈی صدر نے کہا کہ مرکزی حکومت کے اسی تاناشاہی رویہ کے خلاف آٹھ نومبر کو 22جماعتوں نے ملکر 'یوم مخالفت' (ورودھی دیوس) منایا تھا۔ لوگوں کو کولہو کے بیل طرح روندا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بغیرسوچے سمجھے ہی نوٹوں کی منسوخی نافذ کردی گئی جس سے لوگ پریشان ہیں ۔ نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے غریب لوگوں کو بہت زیادہ پریشانی ہورہی ہے ۔مسٹر یادو نے کہاکہ بہار کی نتیش حکومت کے اقتدار میں اکثر گھپلے سامنے آرہے ہیں ۔ بہار میں ہورہے گھپلوں کی اگر گنتی کی جائے تو گننے والے تھک جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کی موجودہ حکومت نے گھپلوں کا ریکارڈ بنایا ہے اور صرف خانہ پری کے لئے چھوٹے چھوٹے لوگوں کو پکڑا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے کنبہ کو پریشان کیا جارہا ہے لیکن وہ اس سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں۔یو این آئی