جموں //ریاست جموں وکشمیر میں کانگریس واحد ایک ایسی جماعت ہے جو عوام کو مستحکم حکومت فراہم کر سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار پردیش کا نگریس کمیٹی کے ریاستی نائب صدر رمن بھلہ نے اسمبلی حلقہ گاندھی نگر میں ایک عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔انہوں نے گزشتہ روز کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ہوئی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہاکہ ریاست کی موجودہ صورتحال پی ڈی پی اور بھاجپا کی ناکامی اور مفاد پرست سیاست کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کے حق میں ووٹ ڈالیں تاکہ ریاست کو موجودہ سیاسی بدحالی سے نکالا جا سکے ۔انہوں نے بھاجپا اور پی ڈی پی کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے عوامی مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے اس وقت ریاست کے دیہی علا قوں کے ساتھ ساتھ شہر ی علا قوں میں آباد عوام کو مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا نے جموں میں سماج کے پسماندہ طبقہ سے تعمیر و ترقی کے نام پر ووٹ حاصل کر نے کے بعد ان کیساتھ کھلواڑ کیا ۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں کانگریس کی سابقہ حکومت کے دور میں سماج میں یکسانیت کی بنیادوں پر ترقی کے عمل کو شروع کیا گیا تھا جبکہ پارٹی ریاست کے تینوں خطوں کی ترقی کی وعدہ بند ہے لیکن کچھ ایسی مفاد پر ست سیاسی جماعتیں بھی ہیں جو ان تینوں خطوں کی عوام کو مذہب اور خطوں کی بنیاد پر تقسیم کر کے اپنا سیاسی مفاد حاصل کر نا چاہتی ہیں ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں مہم شروع کریں تاکہ عوامی مسائل کو اجاگر کر نے کے علا وہ جموں خطہ میں بھاجپا کی ناکامیوں اور عوام کش پالیسیوں کو عیاں کیا جاسکے ۔
موجودہ صورتحال سابق مخلوط حکومت کی مفاد پرست سیاست کا نتیجہ
