جموں//انتظامی کونسل نے جموں کشمیر کمیونی کیشن و کنیکٹوٹی انفراسٹریکچر پالیسی ( جے کے سی سی آئی پی ) منظور کی ۔ جموں کشمیر میں زیر زمین ( آپٹیکل فائیبر ) یا موبائیل ٹاوروں کی تنصیب میں مزید آسانی لانے کیلئے نئی پالیسی میں آر او ڈبلیو کی گنجائش موجود رکھی گئی ہے جس سے سنگل ونڈو نظام کے تحت مقررہ مدت اور فوری اجازت نامے فراہم کئے جائیں گے ۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی میٹنگ میں نئی پالیسی کے تحت دو سالہ اجازت نامے بنیادی ڈھانچہ بشمول آپٹیکل فائیبر کیبل نیٹ ورک /زیر زمین ٹیلی گراف بنیادی ڈھانچہ اور کھلی زمین پر ٹیلی گراف بنیادی ڈھانچہ نصب کرنے کیلئے جاری کئے جائیں گے ۔ اجازت ناموں کی فراہمی میں مزید آسانی برتنے کیلئے پالیسی کے تحت جموں کشمیر ای گورننس ایجنسی ایک سال کی مدت کے اندر آن لائین پورٹل تیار کرے گی ۔ چالو ہونے کے بعد پورٹل پر مختلف درخواستوں پر آن لائین عمل آوری ہو گی اور ساتھ ہی شکایات ، شکایات ازالہ نظام ، ورتھ فلو چاٹ اور ایم آئی ایس رپورٹ وغیرہ بھی اس پر دستیاب رہیں گے ۔ پالیسی کے تحت بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے والوں اور سرکاری حکام کے مابین تنازعات شکایات درج کرنے کی تاریخ سے 45 دنوں کے اندر حل کئے جائیں گے یہ تنازعات چوٹی اور ضلع سطح کی کمیٹیاں بالترتیب چیف سیکرٹری اور متعلقہ ضلع کمشنر حل کریں گے ۔ٹیلی کام اور انٹر نیٹ کنیکٹوٹی میں بہتری لانے کے علاوہ یہ پالیسی نیشنل براڈ بینڈ مشن کے اغراض و مقاصد کے حصول میں سود مند ثابت ہو گی اور جموں کشمیر کی براڈ بینڈ ریڈینس انڈیکس( بی آر آئی ) میں اپنا درجہ بہتر بنا سکے گی ۔