مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژں میں زیر تعمیر منی سیکریٹریٹ کی عمارت گزشتہ 12برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے سرکاری دفاتر مختلف مقامات سے ابھی تک منتقل ہی نہیں ہو سکے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے 2008میں مذکورہ عمارت کی تعمیر کا عمل شروع کیا گیا جبکہ ٹینڈ لینے والے ٹھیکیدار نے جلد ہی تین منزلوں کا لینٹر ڈال کر عمارت کا ڈھانچہ مکمل کرلیا تھا لیکن اس کے بعد فنڈز وگزار ہی نہیں کی گئے جس کی وجہ سے مزید تعمیر التوا کا شکارہو گئی ہے ۔مقامی معززین و سیاسی لیڈران نے بتایا کہ عمارت کو جلد مکمل کرنے کیلئے سابقہ ریاستی گورنر ،اس کے مشیروں کیساتھ ساتھ موجودہ جموں و کشمیر انتظامیہ سے رجوع کیا تاہم ابھی تک عمارت کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی ۔انہوں نے بتایا کہ سابقہ ریاستی گورنر اور ان کے مشیروں نے مذکورہ عمار ت کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کے دور میں بھی عمارت کو نظر انداز کر دیا گیا جس کی وجہ سے اب منی سیکریٹریٹ کی عمارت کھنڈرات میں تبدیل ہو نا شروع ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر شروع ہوتے ہی انہوں نے چین کی سانس لی تھی تاہم برسوں بعد بھی ان کے خواب پورے نہیں ہوسکے اور ان کو مختلف جگہوں پر قائم کر دہ سرکاری دفاتر میں در بدر ہونا پڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ منی سیکریٹریٹ کی زیر تعمیر عمارت میں اس وقت سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے قیام کیا ہوا ہے جبکہ عمارت اب کھنڈر بنتی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہو ئے کہاکہ عمارت کی تعمیر جلداز جلد مکمل کی جائے تاکہ ان کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔