تھنہ منڈی// تحصیل تھنہ منڈی کو درہال کیساتھ جوڑنے والی منگوٹہ تا درہال ملکاں سڑک مکمل نہ ہونے کی وجہ سے مکینوں و مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشا نہ بناتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سڑک پسماندہ علا قہ کی ایک بڑی آبادی کو آپس میں جوڑنے کا کام کرتی ہے تاہم اس کی برسوں بعد بھی قابل آمد ورفت نہیں بنایا جاسکا ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کے مکمل ہو نے کی وجہ سے پسماندہ گاؤں کٹے مار ، پھلواڑی ،اور منگوٹہ بابا ذکری بادشاہ رحمت اللہ کے مزار پر حاضری دے کر قدرتی حسن سے مالا مال قصبہ تھنہ منڈی کو جوڑتی ہے۔ یعنی اگر یوں کہا جائے کہ یہ راستہ تھنہ منڈی، ہسپلوٹ ،ڈنہ، چھڑنگ، منگوٹہ،پھلواڑی، کٹے مار ،چوکیاں ،اور درہال ملکاں وغیرہ کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے تو بے جا نہ ہوگا۔مقامی لوگوں نے روزنامہ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص پسماندہ دیہات پھلواڑی اور کٹے مار وغیرہ طبی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ دیگر کئی بنیادی سہولیات بھی یہاں میسر نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ بنیادی سہولیات میسر کرنے کیلئے مکینوں کو روزنہ چار سے پانچ کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے ضروری اشیاء کو کندھوں پر اٹھا کر لانا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی ایک مقامات پر لوگوں نے سڑک پر ناجائز طور پر قبضہ بھی کر کے رکھا ہوا ہے لیکن اس عمل کو ابھی تک کوئی سنجیدہ نوٹس ہی نہیں لیا جاسکا ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک کی مرمت کے سلسلے میں کئی بار آواز اٹھائی لیکن کہیں سے مثبت جواب نہیں ملا۔اب اس سڑک پر جگہ جگہ کھڈے پڑے ہیں اور بیشمار پسیاں گر آئی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک پہ چلنے والے مقامی لوگ بالخصوص طلباء سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے انتہائی پریشان ہیں اور انتظامیہ خواب غفلت میںہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے ۔مکینوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو قابل آمد ورفت بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مکینوں کی مشکلات حل ہو سکیں ۔