مینڈھر// سرحدی تحصیل منکوٹ میں کچھ مرد وخواتین نے پانی کے معاملہ کو لیکر محکمہ جل شکتی کے خلاف ٹائر جلاکر زوردار احتجاج کیا ۔انکا کہنا تھا کہ ہمارے محلہ میں کئی دنوں سے پانی بندہے اور متعلقہ محکمہ کے ملازمین جان بوجھ کر ہمیں پریشان کررہے ہیں اور ہمیں کئی کلومیٹردور سے پانی لانا پڑتاہے۔ احتجاج کی سربراہی چندر پرکاش اور وہاں پر موجود خواتین کررہی تھیں۔ انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر کے باہر زوردار احتجاج کرکے محکمہ جل شکتی کے خلاف نعرے بازی کی اور ٹائر جلاکر کئی گھنٹوں تک سڑک کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کردیا ۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے نائب تحصیلدار منکوٹ موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے احتجاجیوں کی یقین دلیا کہ انہوں نے متعلقہ محکمہ کے آفیسران اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے بات کی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ دو تین دن کے اندر اندر پانی سپلائی کیا جائے گا جس کے بعد نائب تحصیلدار کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم ہوا اور گاڑیوں کی آمد ورفت بھی بحال ہوئی ۔