منڈی//تحصیل انتظامیہ منڈی کی جانب سے تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف کی قیادت میں انتظامیہ کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس کے دوران محرم الحرام کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔اس اجلاس میں تحصیل منڈی کی مختلف شیعہ انجمنوں کے صدور اور منڈی کے معززین نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران اراکین نے محرم الحرام کے سلسلہ میں صفائی ستھرائی ،پانی کی فراہمی ،بجلی سپلائی ودیگر معیاری انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقعہ پر تحصیلدار نے محرم کے انتظامات کے حوالے سے کہا کہ محرم انتظامات میں کسی بھی قسم کی کمی نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے موقہ پر ہی تحصیل آفسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ علاقہ جات میں پیشگی ہی انتظامات کریں تاکہ عزاداروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنانہ کرنا پڑے۔ تحصیلدار نے امید ظاہر کی کہ عزادارانِ امام حسین بھی کوڈ ایس او پیز کا خیال رکھ کر محرم تقریبات میں حصہ لیں گے۔