منڈی قصبہ میں آب نکاسی نظام ناقص

منڈی//تحصیل منڈی صدر مقام پر سنیچر کو دکانداروں نے قصبہ میں آب نکاسی نظام ناقص ہونے پر تحصیل انتظامیہ کے خلاف جم کر احتجاج کیا۔واضح رہے کہ تحصیل صدر مقام منڈی قصبہ کا آب نظام گزشتہ بیس دنوں سے ناقص ہواہے جس کی وجہ سے نالیوں کا پانی بازار میں آ رہا ہے اور عوام کے ساتھ ساتھ بازار میں چل رہی گاڑیوں اور دکانداروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سنیچر کو دکانداروں نے روہیت میموریل سوسائٹی کے چیئر مین علی محمد میر کی قیادت میں تحصیل انتظامیہ اور محکمہ تعمیراتِ عامہ کے خلاف جم کر احتجاج کیا ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ بیس دنوں سے منڈی بازار میں ہاہر سکنڈری سکول بوئز کے نزدیک کا کلوٹ گندگی سے بند پڑا ہے جس کی وجہ سے پورے منڈی قصبہ کا پانی اور دوسری گندگی بازار میں داخل ہو رہا ہے ۔تاجرو ں نے مقامی انتظامیہ و محکمہ تعمیرات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ 20دنوں کی شکایت کے باوجود نکاسی نظام کو درست نہیں کیا جارہا ہے ۔روہیت میموریل سوسائٹی کے چیئر مین علی محمد میر نے کہا کہ تحصیل انتظامیہ اور محکمہ تعمیراتِ عامہ کے آفسران کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے نکاسی نظام کو درست نہیں بنایا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ جلداز جلد تاجروں کی پریشانی کو ختم کیا جائے ۔متعلقہ محکمہ نے بتایا کہ کلوٹ کی تعمیر کےلئے نیا ٹینڈر ڈال دیا گیا ہے ۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ کچھ ہی دنوں میں مذکورہ نظام کو درست کر لیا جائے گا ۔