جموں//جموں میں سماج کے مختلف طبقوں کی نمائندگی کرنے والے افراد سے ملاقات کے لئے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی قیادت والا اعلیٰ سطحی کانگریس پالیسی پلاننگ گروپ اپنے دو روزہ دورے پر اتوار کو یہاں پہنچا۔ اس گروپ میں سابق وزیراعظم کے علاوہ سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ، سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد، اے آئی سی سی کی جنرل سکریٹری امبیکا سونی اور ریاست کے تینوں خطوں کے کانگریسی لیڈران شامل ہیں۔ ریاستی کانگریس ترجمان نے بتایا کہ گروپ کے اراکین پیر کی صبح واپس نئی دہلی روانہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اعلیٰ سطحی گروپ اگلے ہفتے وادی کشمیر کا دورہ کرے گا اور وہاں بھی مختلف وفود اس گروپ سے ملاقی ہوں گی۔ ریاستی کانگریس صدر غلام احمد میر کے مطابق سابق وزیر اعظم کی قیادت والے گروپ کو ریاست کی موجودہ سیاسی و سیکورٹی صورتحال کے علاوہ یو پی اے حکومتوں میں شروع کئے گئے پروجیکٹوں میں پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں پی ڈی پی بی جے پی حکومت اور مرکز میں بی جے پی حکومت معرض وجود میں آنے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔