سرینگر// جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات وادی میں رواں موسم کی سر د ترین رات ریکارڈ کی گئی اور درجہ حرارت پہلی بار نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 13 نومبر تک وادی میں موسم خشک رہے گا جبکہ 14 اور15نومبر کے بیچ کچھ ایک علاقوں میں بارشوں کے ساتھ ہلکی برف باری ہونے کا امکان ہے ۔ وادی کشمیر میں صبح و شام اورشبانہ سردیوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ شام ہوتے ہی سردی کی شدید لہر محسوس ہوتی ہے، جو صبح تک جاری رہتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.9 ڈگری درج کیا گیا۔ نہ صرف سرینگر بلکہ قاضی گنڈ میں منفی 0.6، پہلگام میں منفی 2.7 اور کپوارہ میں منفی 1.7ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق اسکے علاوہ لداخ کے لیہہ قصبہ میں منفی 7.4 اور کرگل میں منفی 2.7ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ کہ 13نومبر کی دوپہر سے موسم میں تبدیلی آنا شروع ہو گی جبکہ 14 اور 15 نومبر کو بارشیں اور برفباری کا بھی امکان ہے۔