سرنکوٹ// گاؤں سنئی کی مڈل پنچایت کے ٹنڈ سیداں اپر محلہ گاہی کے لوگوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس دوران لوگوں کاکہناتھاکہ تین مہینوں سے ہماری سڑک بغیر کسی وجہ کے بند کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کومشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹنڈ سیداں لور سے ٹنڈ سیداں اپر محلہ گاہی تک سڑک نکالی گئی تھی لیکن سڑک منریگا اسکیم کے تحت نکالی گئی تھی اور جب سڑک پر گاڑیوں کی آمدرفت شروع ہوئی تو کچھ عرصہ گذرنے کے بعدسڑک کو ابتدائی پوائنٹ سے ایک شخص نے بند کروا دیا۔اس دوران مظاہرین میں شامل حاجی اصغر حسین شاہ ،شمشیر شاہ، جماعت علی ،رحمان حسین ،شکیل حسین شاہ، اعجاز حسین ،شبیر شاہ ،خالد کاظمی ،تصور حسین شاہ اور دیگر لوگوں نے کہاکہ یہاں پر سب لوگ غریب ہیں اور ہماری پسماندگی کی حالت یہ ہے کہ ہمارے گھروں میں اگر کوئی بیمار ہو جائے تو ہمیں سینکڑوں میل پیدل چلنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔ اور جو سڑک بند کی گئی ہے وہ لگ بھگ اڑھائی کلو میٹر ہے ۔مظاہرین نے کہا اس سڑک کو بنانے میں منریگا اسکیم کے علاوہ ہم سب لوگوں نے مل کر لگ بھگ پانچ لاکھ روپے اپنی جیب سے دیے ہوئے ہیں لیکن ہماری ستم ظریفی یہ ہے کہ ہماری کہیں بھی کوئی سنوائی نہیں ہوتی جسکا ہمیں افسوس ہے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جن لوگوں نے سیاسی پشت پناہی کی بنیاد پر سڑک بند کی ہے ۔ان لوگوں نے منریگا اسکیم سے سڑک کٹائی کی اجرت بھی واگذار کروا لی ہے لیکن ہماری زمین اور فصل بھی تباہ ہو چکی ہیں اور اب ہماری سڑک بھی بند کر دی گئی ۔ لوگوں نے کہا کہ ہم
نے ایس ڈی ایم سرنکوٹ کو بھی ایک درخواست دی ہے۔ اور اس مناسبت سے انھوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ میں موقعہ پر آؤں گا اور لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے اور ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مداخلت کی ایپل کی ہے۔ وہ ہمارے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ اپر ٹنڈ سیداں کے لوگ بھی راحت کی سانس لے سکیں۔ اس سلسلے میں جب بی ڈی او سرنکوٹ سے بات کی گئی تو انھوں نے کہا کہ سڑک بالکل بند نہیں کی جاسکتی کیونکہ محکمہ رولر ڈولپمنٹ نے کام کی اجرت واگذار کر دی ہے اور ہم نے ایس ڈی ایم سرنکوٹ کو اس حوالے سے مطلع کر دیا ہے اور وہ بھی موقع کاجائزہ لیں گے ۔ اس سلسلے میں ایس ڈی ایم سرنکوٹ سے بات کی گئی تو انھوں نے بتایا کہ مجھے پاس درخواست موصول ہے اور میں بہت جلد موضع سنئی ٹنڈ سیداں جائوں گا اور وہاں کی عوام کی پریشانی کا حل کرنے کی بھرپورکوشش کروں گا۔