منڈی//تحصیل منڈی کے راجپورہ علاقہ کی عوام نے محکمہ تعمیراتِ عامہ اور تحصیل انتظامیہ کے خلاف مندر راجپورہ سڑک کی تعمیر مکمل نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔سنیچر کو مندر منڈی کے مقام پر راجپورہ کی عوام نے احتجاج کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے مندر راجپورہ سات سو میٹر سڑک پر ایک ماہ قبل تعمیری کام شروع کیا گیاتھا جسے متعلقہ ٹھیکید ار نے مکمل نہیں کیا اور سڑک کا کچھ حصہ تعمیر کر کے چھوڑ دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ سڑک کی تعمیر سے قبل یہ راستہ راجپورہ سے ہوتے ہوئے چار پنچایتوں کو جاتا تھا جہاں سے ان پنچایتوں کے عوام پیدل سفر کر کے منڈی صدر مقام پہنچتے تھے۔ مکینوں کے مطابق اب یہ راستہ بالکل چلنے کے قابل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بچوں اور مستورات سمیت اس راستے پر چلنے سے کافی دقتوںکا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ سڑک کی تعمیر کی وجہ سے سارا ملبہ راستے میں پڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ ٹھیکیدار اور تحصیلدار منڈی کے نوٹس میں بھی لایا مگر ابھی تک اس معاملے پر انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی جانب سے کوئی بھی سنجیدگی نہیں دیکھائی گئی ۔راجپورہ کی عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور متعلقہ محکمہ کے ایگز یکٹو انجیئر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سڑک کی تعمیر کا کام جلد دوبارہ شروع کر کے اسے مکمل کریں تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔