سانبہ//اپنی پارٹی صوبائی صدر منجیت سنگھ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ضلع سانبہ میں ٹھنڈی کسی کے مقام پر ٹول پلازہ تعمیر نہ کرے جس سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوں گے اور کاروبار بھی متاثر ہوگا۔ضلع سانبہ کے وجے پور میں ورکروں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے منجیت سنگھ نے ٹحنڈہ کسی میں ٹول پلازہ کی مجوزہ تعمیر سے متعلق خاموشی اختیار کرنے پر بھاجپا و تنقید کا نشانہ بنایا، ٹھنڈی کسی جوکہ جموں پٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔ انہوں نے کہا’’اقتدار سے باہر جب بھاجپا تھی تو اِس شاہراہ پر ٹول پلازہ کی مخالفت کی تھی اور اب یہ جانتے ہوئے بھی کہ لوگ اِس کی سخت مخالفت کر رہے ہیں، پارٹی نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چھمب علاقہ سے بے گھر ہوئے افراد کو سرکار نے ٹھنڈی کسی میں اراضی الاٹ کی ہے۔ ان بے گھر افراد کو اراضی کے مالکانہ حقوق حاصل نہیں ہیں، اور وہ ٹول پلازہ کی تعمیر کے لئے استعمال ہونے والی اراضی کے عوض معاوضہ حاصل کرنے کے حقدار نہیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ بے گھر افراداپنے گھر اور تجارتی مقامات سے بے گھر ہوجائیں گے، حکومت کو چاہئے کہ اِس فیصلے پر نظرثانی کرے اور سپر ایکسپرسے وے سڑک کو رہائشی علاقہ سے کہیں دور تعمیر کیاجائے۔رہائشی وتجارتی مقامات سے قومی شاہراہ کی تعمیر ، کاروبار کو ختم کر دے گی اور یہ جگہ دہائیوں سے سیاحتی مقام کے طور جانی جاتی ہے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیاکہ وہ ایسا کوئی بھی فیصلہ لینے سے باز رہے، اپنی پارٹی اِس کی بھر پور مخالفت کرے گی اور لوگوں کے حق میں سڑکوں پر بھی اُترنے سے گریز نہ کرے گی۔