منجاکوٹ میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کیخلاف احتجاج

منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے دبروٹ اور کلالی کی عوام نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی پر سڑکوں کے سروے تبدیل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے کچھ اثر ورسوخ رکھنے والے افراد کو فائد پہنچانے کیلئے سڑکوں کا سروے تبدیل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔اس سلسلہ میں سرپنچ اور پنچوں و دیگر معززین پر مشتمل ایک وفد تحصیلدار منجا کوٹ سے ملاقی ہوا ۔وفد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے پہلے سے کئے گئے سروے سے 200میٹر کی دوری سے سڑک نکالنے کی کو شش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے جہاں لوگوں کی زمینوں کا نقصان ہو گا وہیں عوام کی ایک بڑی تعداد سڑک جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہو جائے گی ۔وفد نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں ایک کمیشن تشکیل دینے کیساتھ ساتھ پہلے سے کئے گئے سروے کے تحت سڑک نکالی جائے ۔اسی دوران منجا کوٹ کے کلالی کے لوگوں کی جانب سے منجا کو ٹ میں احتجا ج کیا گیا جس کے دوران انہوں نے پی ایم جی ایس وائی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوامی امنگوں کے برعکس سڑک کا سروے تبدیل کیا جارہاہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کے جو ملازمین سروے تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔اس کے بعد کلالی علا قہ کا ایک وفد ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے ملاقی ہو ا۔وفد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کلالی تا بٹھیاں سڑک کا سروے تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے مقامی لوگوں کو نقصان کا خدشہ پید ا ہو گیا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے آفیسران کو ہدایت جاری کی جائے کہ پہلے سے کئے گئے سروے کے تحت سڑک کی تعمیر کی جائے ۔ڈی سی نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ سڑ ک کو عوام مفاد کے تحت تعمیر کروانے اور آبادی والے علا قہ کو سڑک کیساتھ جوڑا جائے گا ۔