جموں// جموں وکشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ ریاست میں سیکورٹی کی صورتحال بہت حد تک بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی پولیس اور فورسز وادی میں سرگرم جنگجوئوں کے خلاف برسر جنگ ہے اور انہیں امید ہے کہ آنے والے وقت میں حالات مزید بہتر ہوں گے۔ڈسٹرکٹ پولیس لائنز جموں میں مہلوک ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ آف پولیس امن کمار ٹھاکر کی میت پر پھول مالائیں رکھنے کی تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ریاست میں سیکورٹی کی صورتحال بالکل بہتر ہے،گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے، پولیس اور فورسز ملکر اچھا کام کررہے ہیں، ریاست بھر میں امن وامان کی فضا ہے‘‘۔ان کاکہناتھا’’پاکستانی حمایت یافتہ ملی ٹینسی یہاں ایک طویل وقت سے جاری ہے، اس میں کوئی کمی واقع نہیں ہورہی ، جیش محمد اور لشکر طیبہ جیسے گروپ یہاں سرگرم ہیں، ان کو ختم کرنے کے لئے سیکورٹی فورسز اور جموں وکشمیر پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، مجھے امید ہے کہ آنے والے وقت میں حالات مزید بہتر ہوں گے، جنگجو اور فورسز آمنے سامنے آجاتے ہیں تو ہلاکتیں ہوتی ہیں، ہمیں اپنی شہادتوں پر فخر ہے،ہمیں امید ہے کہ آنے والے وقت میں ہم سرگرم جنگجو گروہوں کو ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے‘‘۔