جموں// حالیہ کچھ دنوں سے ملی ٹنسی سے جڑے تشدداور ہلاکتوںکے واقعات میں تیزی آئی ہے ،اورگزشتہ 4دنوں میں مژھل سیکٹر،وانیگام بارہمولہ ،کنڈی راجوری اور کنزر ٹنگمرگ میں ہوئی جھڑپوںکے دوران6ملی ٹنٹ اور5فوجی جوان ازجان ہوئے جبکہ فوج کے ایک میجر شدیدزخمی ہوئے اور راجوری کے جنگل میں جاری آپریشن کے دوران ایک ملی ٹنٹ کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے ۔تفصیلات کے مطابق جموں وکشمیرمیں گزشتہ کچھ ماہ کے دوران ملی ٹنسی سے جڑے تشدد کے واقعات میں کمی نظرآنے کے بعد حالیہ کچھ دنوں سے اچانک جھڑپوں اور ہلاکتوں کے واقعات میں تیزی آئی ہے ۔3مئی کوشمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے مڑھل سیکٹر میں سرحدپار سے دراندازی کی ایک کوشش کوناکام بناتے ہوئے فوج نے کہاکہ LOCکے نزدیک واقع پنجاد علاقے میں جھڑپ کے دوران2عدم شناخت شدہ ملی ٹنٹ مارے گئے ،جن کی نعشوں اور ہتھیار وگولی بارودکو جائے جھڑپ سے برآمد کیاگیا۔ پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ سرحدی ضلع کپواڑہ کے مڑھل سیکٹرکے پنچاد علاقہ میں ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شروع ہونے والی گولی باری میں2ملی ٹنٹ مارے گئے۔۔پی آر او (دفاع) سری نگر نے کہا کہ3 مئی کی صبح تقریباً ساڑھے8 بجے، دہشت گردوں کو فوج نے لائن آف کنٹرول کی اپنی طرف دراندازی کرتے ہوئے ٹھکانے لگایا۔ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں2 دہشت گرد مارے گئے۔انہوںنے کہاکہ مارے گئے دونوں دہشت گردوں کی لاشوں کے ساتھ اے کے47 سیریز کی2 رائفلیں، 6میگزین، اے کے47 کی 159 گولیاں ،پاکستانی مارکنگ کے ساتھ کھانے کی اشیاء اور سگریٹ کے علاوہ پاکستانی کرنسی کے 660روپے برآمدکئے گئے۔4،مئی کوشمالی کشمیرمیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دوسرے ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے دوران وانیگام پائین کریری بارہمولہ میں 2مقامی ملی ٹنٹ مارے گئے ،جن کاتعلق ممنوعہ ملی ٹنٹ تنظیم لشکر طیبہ سے بتایاجاتاہے۔ پولیس نے ایک بیان میں بتایاکہ بارہمولہ ضلع کے وانی گام پائین کریری علاقے میں فائرنگ کے تبادلے میں2دہشت گرد مارے گئے۔ایس ایس پی بارہمولہ امود ناگپورے نے کہا کہ انکاونٹر کے مقام سے ایک اے کے47 رائفل اور ایک پستول سمیت مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ادھر کشمیرزون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹرہینڈل پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون وجے کمار کے حوالے سے بتایاکہ مہلوکین کی شناخت شاکر ماجد نجار اور حنان احمد سیہ ساکنان شوپیاں ضلع کے بطورہوئی ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ مارے گئے دونوںمقامی دہشت گردمارچ2023میں ملی ٹنٹوںکی صفوںمیں شامل ہوئے تھے اوروہ لشکر طیبہ سے وابستہ تھے۔5مئی کو جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کے کنڈی جنگل میں جمعہ کی صبح ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے دوران ایک ہلاکت خیز دھماکے میں5فوجی جوان جاں بحق اور فوج کاایک میجرزخمی ہوگیا ،جن کو کمانڈ ہسپتال اودھم پورجموں پہنچا دیا گیا ہے۔ فوج کی شمالی کمان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ راجوری سیکٹر کے کنڈی جنگل میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع پر، 3مئی کو ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ جمعہ کی صبح تقریبا ساڑھے7 بجے، ایک تلاشی ٹیم کا ایک غار میں موجود دہشت گردوں کے ایک گروپ سے رابطہ قائم ہو۔ فوج کی شمالی کمان نے مزید کہاکہ غار میں گھسنے کی کوشش کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کی جانب دہشت گردوں نے ایک دھماکہ خیز آلہ یامادہ چلایا۔ فوج کی ٹیم کو2 ہلاکتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ میجررینک کے ایک افسر سمیت4 مزید فوجی زخمی ہوئے ہیں۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ ضلع راجوری کے کنڈی جنگل میں زخمی ہونے والے سبھی اہلکاروںکو کمانڈ ہسپتال، ادھم پور پہنچا دیا گیا ،جہاں3اہلکارزخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑبیٹھے جبکہ جائے دھماکہ پر پہلے ہی2فوجی جاں بحق ہوئے تھے۔6مئی کوراجوری کے کنڈی جنگل میں جاری آپریشن کے دوران صبح کے وقت ہوئی جھڑپ میں ایک ملی ٹنٹ ماراگیاجبکہ ایک کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔جموںمیں تعینات دفاعی ترجمان کرنل دیویندر آنند نے کہاکہ راجوری سیکٹر کے کنڈی جنگل میں ہفتہ کی صبح سات بجے ملی سیکورٹی فورسزاور دہشت گردوں کاآمنا سامنا ہوا ،اوریہاں ہوئی جھڑپ میں ایک دہشت گرد ماراگیا جبکہ ایک اوردہشت گرد کے زخمی ہونے کاخدشہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن میں اب تک بڑی ریکوری ہوئی ہے۔ ایک اے کے 56، اے کے کے4میگزین، اے کے کے 56 راؤنڈ، میگ کے ساتھ ایک9 ایم ایم پستول،3 دستی بم اور ایک گولہ بارود کا پاؤچ شامل ہے۔6مئی کوہی شمالی کشمیرکے کرہامہ کنزر علاقے میں ہوئی ایک جھڑپ کے دوران ایک ملی ٹنٹ ماراگیا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ کرہامہ کنزر جھڑپ میں مارے گئے ملی ٹنٹ کی شناخت عابد وانی ولد محمد رفیق وانی ساکنہ یارہول باباپورہ کولگام کے طور پر کی گئی۔وہ لشکر طیبہ سے وابستہ تھا۔