نئی دہلی//عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے میں ہندوستان کے اہم رول کا تذکرہ کرتے ہوئے کووڈ ٹاسک فورس کے ایک اہم رکن ڈاکٹر این کے اروڑہ نے کہا کہ ملک دس ماہ سے بھی کم عرصے میں ویکسینیشن میں 100 کروڑ کا سنگ میل حاصل کرنے کے قریب ہے اور یہ حصولیابی ملک میں تیار کی گئی ویکسین سے بھی حاصل کی گئی ہے ۔ یہ بات انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہی۔ اس سوال کے جواب میں کہ ملک دس ماہ سے بھی کم عرصے میں ویکسینیشن میں 100 کروڑ کا سنگ میل حاصل کرنے کے قریب ہے ، یہ ہندوستان میں وبائی صورتحال کو کیسے تبدیل کرے گا؟ انہوں نے کہاکہ یہ ایک قابل ذکر کامیابی اور حصولیابی ہے ۔ ویکسین کی خود انحصاری نے اس مرحلے تک پہنچنے میں ہماری سب سے زیادہ مدد کی ہے ۔ ہم اس ویکسین کوایک بڑی آبادی تک پہنچانے میں صرف اس لئے کامیاب ہوئے ہیں کیونکہ ہم نے نہ صرف ویکسین تیار کی بلکہ یہ ویکسین خود ملک میں بھی تیار کی گئی اور یہ سب کچھ ایک رات میں حاصل نہیں ہوا، یہ پورے ایک سے ڈیڑھ سال کی اسٹریٹجک سوچ کا نتیجہ ہے ۔ ہمارے ملک میں 94 کروڑ بالغ افراد کی آبادی کووڈ ویکسین کے لیے اہل ہیں۔ کچھ ریاستوں میں، بالغ آبادی کو کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک کا 100 فیصد(سو فیصد) ٹیکہ لگایا گیا ہے ۔ ہندوستان میں ویکسین کی موجودہ سپلائی اور پیداواری صلاحیت کے مطابق، ہم اگلے تین ماہ میں 70 سے 80 کروڑتک ویکسین لگا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نمستقبل میں، ملک میں کووڈ۔ 19 کی صورت حال کا انحصار پانچ بڑے عوامل پر ہوگا، پہلا یہ کہ لوگ کتنی سنجیدگی سے کووڈ کے مطابق رویے پر عمل کرتے ہیں، دوسرا ویکسین کی دستیابی، تیسرا، ہندوستان میں کووڈ کی دوسری لہر کے دوران کتنے فیصد لوگوں کو کووڈ انفیکشن ہوا۔