سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن اور ہند ۔پاک سرحدوں پر تعینات بھارتی فوج کو بھر پور انداز میںجواب دینے کی کھلی چھوٹ ہے۔ ہندوستان ٹائمز لیڈرشپ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہاکہ چین اور ہندوستان کے مابین سرحدی تنازعہ حقیقی کنٹرول لائن تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے مسلح افواج کو ایک آزاد ہاتھ دیا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ میںملک کے عوام کو یقین دینا چاہتا ہوںکہ چاہئے لداخ ہو یاں پاکستان سے لگنے والی سرحدیں ہوں ، ہمارے فوج اُس پار سے ہونے والی ہر کارروائی کا بھر انداز میں جواب دے رہی ہے اور ملک کی سالمیت اور سیکورٹی کو نقصان پہنچنے کی کوئی بھی کوشش کو کامیاب نہیںہونے دیں گے ۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ’میں سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت بھارت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کے سفارتی رابطے کے بعد پاکستان کو شدت پسندی کی فیکٹر ی کے طور پر بے نقاب کیا گیا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ میں ’ ملک کے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ملک کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی ‘۔سی این آئی کے مطابق انہوںنے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے ملک کا دفاعی نظام کافی مضبوط ہو گیا ہے اور اب کوئی بھی ملک بھارت میں ممبئی طرز کا حملہ دوبارہ کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیںسکتا ہے اور نہ ہی ایسا اب ممکن ہے۔ ممبئی حملے میں ہلاک ہو ئے افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پڑوسی ممالک نے ہمیشہ بھارت کو کمزور کرنے کیلئے اس طرح کے کار نامے انجام دئیے ہیں اور ممبئی حملوں میں انہیں واضح ثبوت بھی پیش کیا گیا ۔