جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کہا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں اور حکومت ریاست میں خواندگی کی شرح میں اضافہ کرنے میں ان اداروں کی کوششوں کی سراہنا کرتی ہے۔مشیر موصوف کے سی گورو کُل پبلک سکول کی طرف سے منعقدہ سالانہ دِن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریب کے انعقاد سے بچوں کے اندر پنہاں صلاحیتوں کو اُبھارنے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے سکول انتظامیہ سے کہا کہ وہ بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں اخلاقی تعلیم سے بھی آراستہ کرے تا کہ یہ بچے ملک کے ذمہ دار شہری بن سکے۔اساتذہ اور والدین کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے مشیرموصوف نے کہا کہ یہ دونوں بچوں کے مستقبل کو سنوارنے میں برابر کے ذمہ دار ہیں انہیں بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرتے ہوئے انہیں تیزی سے بدل رہی دُنیا کے ساتھ قدم بڑھانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل سماج میں محنت، ایمانداری اور خلوص سے اپنا نام روشن کرتی ہے بلکہ بچوں میں اخلاقیات کا سبق دینے سے یہ بچے ہماری تہذیب و تمدن کے اعلیٰ اقدار پر قائم رہنے میں اہم رول ادا کریں گے۔خورشید گنائی نے طُلباء سے تقلین کی کہ وہ مختلف زبانیںبالخصوص اپنی مادری زبان سیکھتے ہوئے اپنے تدریسی عمل جاری رکھیں ۔مشیر موصوف نے سکول انتظامیہ کی اُن کاوشوں کی سراہنا کی جن کے تحت اس ادارے نے تدریسی و غیر تدریسی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔جموں میونسپل کارپوریشن کے مئیر چندر موہن گپتا، پرنسپل، اساتذہ، والدین اور بھاری تعداد میں طُلاب بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
ملک کی تعمیر میں اساتذہ اور سکولوںکا کلیدی رول:خورشید گنائی
