نئی دہلی //یواین آئی// ملک میں کووڈ-19 ٹیکہ کاری کی مہم شروع ہونے کے پہلے مرحلے میں اب تک 79 لاکھ 67 ہزار 647 افراد کو کورونا ویکسین دی جا چکی ہے ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں چار لاکھ 62 ہزار 637 افراد کی ٹیکہ کاری کی گئی۔ ان میں 94160 میڈیکل اہلکار اور 368477 عبوری محاذ پر تعینات اہلکار ہیں۔ گذشتہ 16 جنوری سے شروع ہونے والی مہم کے پہلے مرحلے میں حکومت نے تین کروڑ میڈیکل اہلکاروں اور عبوری محاذ پر تعینات اہلکاروں کی ٹیکہ کاری کا ہدف متعین کیا ہے ۔ ویکسین کی پہلی خوراک دیے جانے کے بعد دوسری خوراک 28 دنوں کے بعد دی جائے گی۔