نئی دہلی// ملک میں لگاتار دوسرے دن بھی کورونا وائرس کے دو لاکھ سے زیادہ نئے کیسزسامنے آئے ،حالانکہ شفایابی حاصل کرنے والے مریضوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک میں 2.83 لاکھ سے زائد مریض صحت مند ہوئے جس سے اس کی شرح بڑھ کر 90.01 فیصد ہوگئی۔ بدھ کے روز 18 لاکھ 85 ہزار 805 افراد کو کورونا ویکسین دی گئی۔ ملک میں اب تک 20 کروڑ 26 لاکھ 95 ہزار 874 افراد کو کورونا کے ویکسین لگائے جا چکے ہیں۔جمعرات کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ،11 ہزار،298 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد دو کروڑ 73 لاکھ 69 ہزار 093 ہوگئی۔ اس عرصے کے دوران دو لاکھ 83 ہزار 135 مریضوں کے صحت مند ہونے سے شفایاب مریضوں کی مجموعی دو کروڑ 46 لاکھ 33 ہزار 951 ہوگئی ہے۔ ایکٹیو کیسزکی تعداد 75،684 سے گھٹ کر 24 لاکھ 19 ہزار 907 رہ گئی۔ اسی عرصے کے دوران 3847 مریضوں کی موت سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3،15،235 ہوگئی ہے۔ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح گھٹ کر 8.84 فیصد جبکہ اموات کی شرح اب بھی 1.15 فیصد ہے۔