ملک میں 12 ہزار کسانوں نے خودکشی کی :پرینکا گاندھی

 مرزاپور// کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعہ کو الزام لگایا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے گزشتہ پانچ سال کے دوران ملک میں 12000 کسانوں نے خود کشی کر لی۔محترمہ واڈرا نے اتر پردیش میں مرزا پور لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار للی تیش پتی ترپاٹھی کے حق میں روڈ شو کے بعد لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے دوران کسانوں کا ہراساں کیا گیا اور انہیں ان کے پیداوارکی مناسب قیمت نہیں ادا کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے کسانوں سے ان کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ان کی آمدنی بڑھنے کے بجائے پہلے کے مقابلے میں آدھی ہو گئی۔ انہیں وقت پر کھاد، بیج اور ضروری اشیاء نہیں ملتی ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم انتخابی مہم کے لئے ملک بھر جارہے ہیں لیکن انہوں نے کسانوں سے ملاقات نہیں کی ہے ۔ وہ اپنا سینہ 56 انچ کے ہونے کی بات کہتے ہیں لیکن ان میں کسانوں سے ملنے کی ہمت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ‘نیائے یوجنا ’لے کر آئی ہے جس سے لوگوں خاص طور پر غریبوں کو کافی فائدہ ہوگا۔یواین آئی۔