نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس کے کیسوں کی رفتار کم ہو نے کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو لاکھ سے بھی کم نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ موذی وبا کی وجہ سے 3511 مریض ہلاک ہوئے ہیں .
اسی عرصے کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کے مقابلہ میں شفایاب افراد کی تعداد زیادہ رہی ، جس کی وجہ سے بازیابی کی شرح 89.26 فیصد ہوگئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 24 لاکھ 30 ہزار 236 افراد کو کورونا ویکسین دی گئی۔ ملک میں اب تک 19 کروڑ 85 لاکھ 38 ہزار 999 افراد کو اینٹی کورونا ویکسین لگائے چکے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 196427 نئے کیسوں کی رپورٹ سے متاثرین کی مجموعی تعداد دو کروڑ 69 لاکھ 48 ہزار 874 ہوگئی۔ اسی عرصے کے دوران تین لاکھ 26 ہزار 850 مریضوں کے صحت مند ہونے سے شفایاب افراد کی مجموعی تعداد 24054861 اوراس کی شرح 89.26 فیصد تک جا پہنچی ہے۔ اسی عرصے کے دوران ایکٹیو کیسز 133934 سے گھٹ کر 25 لاکھ 86 ہزار 782 رہ گئے ہیں۔