سرینگر//کوروناوائرس کی وبا میں پھر سے تیزی آنے پر کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ ملک دوبارہ لاک ڈاون کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کوروناوائرس کے خلاف لڑائی مزید موثر بنانی ہوگی ۔ انہوںنے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اس کام میں شامل کر نے سے ان کا حوصلہ بڑھے گا اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ زیادہ آسان ہوگی۔ آزاد نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے انفیکشن سے پیدا ہوئے بحران سے نمٹنے کے لئے مرکزی سطح پر کثیر جہتی ورکنگ گروپ تشکیل دیا جانا چاہئے تاکہ سرکار کے ساتھ ہی اسے غیر سرکاری ذرائع سے بھی معلومات ملتی رہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کوروناوائرس دوبارہ تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے تاہم دوبارہ لاک ڈاون اس کا علاج نہیں ہے بلکہ اس کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کی جانی چاہئے ۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو اس کام میں شامل کر نے سے ان کا حوصلہ بڑھے گا اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ زیادہ آسان ہوگی۔ سی این آئی کے مطابق انہوںنے کہا کہ ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی کو بھی اس کام میں شامل کیا جانا چاہئے اور ان ریاستوں کو خصوصی مالیاتی پیکیج ملے جو اقتصادی بحران کا شکار ہیں اور کورونا وائرس کے خلاف لڑنے میں کمزور ثابت ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف مرکزی وزراء سے بنا ٹاسک فورس کافی نہیں ہے، اس کے لئے مرکزی وزراء کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ریاستوں کے وزرائے اعلی کو بھی شامل کیا جانا چاہئے کیونکہ وہ وہاں کے عوام کے مسائل کو سمجھتے ہیں۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے سوشل ڈسٹینسنگ یا ایک دوسریسے فاصلہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے اور اس پر سختی سے عمل ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کو روکنے کے لئے اس کی جانچ بڑھائے جانے کی بھی ضرورت ہے۔ہمارے یہاں ٹیسٹنگ کا تناسب بہت کم ہے جو زیادہ فکر کی بات ہے۔ حکومت کو جانچ کی سہولت بڑھاکر اسے مفت کرنا چاہئے۔انہوں نے لوگوں، مزدوروں، کسانوں اور عام آدمی کے مسئلہ پر توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔