یواین آئی
برہام پور (اڈیشہ)// صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے کہا کہ ملک اب خواتین کی ترقی کے مرحلے سے خواتین کی قیادت والی ترقی کی طرف گامزن ہے۔صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے اڈیشہ میں گنجم کے بھانجا بہار میں برہام پور یونیورسٹی کے 25ویں تقسیم اسناد کے جلسے میں شرکت کی اوراس سے خطاب کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اڈیشہ کا جنوبی خطہ نہ صرف اڈیشہ کی تاریخ میں بہت اہم مقام رکھتا ہے بلکہ ہندوستان کی تاریخ میں بھی بہت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ سرزمین تعلیم، ادب، فن اور دستکاری سے مالامال ہے۔ اس خطے کے سپوت کابی سمرت اْپیندر بھانجا اور کوی سوریہ بالادیور رتھ نے اپنی تصنیفات کے ذریعے اڈیشہ کے ساتھ ساتھ پورے ہندوستان کے ادب کو مالامال کیا۔ یہ سرزمین بہت سے مجاہدین ا?زادی، شہید اور عوامی لیڈروں کی جائے پیدائش اور کرم بھومی رہی ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ برہام پور یونیورسٹی، جو 1967 میں قائم کی گئی تھی، اڈیشہ کے جنوبی حصے میں سب سے پرانی یونیورسٹی ہے۔ انھوں نے اس خطے میں تعلیم اور ترقی کے لیے، جو قبائلی آبادی والا علاقہ ہے، برہام پور یونیورسٹی کے رول کی ستائش کی۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ تقریباً 45000 طلباء برہام پور یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ ڈپارٹمنٹ اور اس سے ملحقہ کالجوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انھیں یہ بات جان کر خوشی ہوئی کہ طلباء میں 55 فیصد سے زیادہ لڑکیاں ہیں، نہ صرف یہ بلکہ 60 فیصد گولڈ میڈل جیتنے والی لڑکیاں ہیں اور جنھوں نے آج ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی ہے اْن میں بھی آدھی لڑکیاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ صنفی برابری کی ایک شاندار مثال ہے۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر لڑکیوں کو برابر کے مواقع دیئے جائیں تو ان میں لڑکوں کو پیچھے چھوڑنے کی صلاحیت موجود ہے۔ خواتین کی ادب، ثقافت، رقص اور موسیقی میں شرکت قابل قدر ہے۔