اونتی پورہ//اسلامک یونیورسٹی فیکلٹی ایسوسی ایشن نے رضوان اسدپنڈت کی پولیس حراست میںہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اِسے بے انصافی اورتعلیم کیلئے زبردست نقصان قرادیا۔ایک بیان میں فیکلٹی نے اس معاملے میں فوری انصاف کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رضوان پنڈت اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پولی ٹیکنیک کالج میں2018میں مہمان فیکلٹی کے طور کام کیا۔بیان میں کہاگیا کہ وہ نہ صرف ایک قابل ماہرتعلیم تھے بلکہ شریف النفس انسان بھی تھے ۔اُن کی موت سے جنوبی کشمیر جہاں وہ ایک اسکول اورکوچنگ مرکزکے سربراہ تھے، میں تعلیم کو زبردست نقصان ہوا ۔ایسوسی ایشن نے ایسے جرائم میں ملوثین کو فوری طور کڑی سے کڑی سزادی جانی چاہیے کیونکہ مہذب اور ذمہ دار سماج میں ایسے ہیبت ناک جرائم کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ایسوسی ایشن نے ایک اوراستاد شبیراحمد منگوکی مبینہ طورپر فوج کے ہاتھوں 17 اگست 2016کو زیرحراست ہلاکت معاملے میں انصاف کی فراہمی میں طوالت پر تشویش کااظہار کیا۔اس دوران کشمیر یونیورسٹی کی ٹیچرس ایسوسی ایشن نے بھی اونتی پورہ کے استاد کی زیرحراست ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس معاملے میںفوری طور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ایسوسی ایشن ترجمان نے کہا کہ ’قوم کے معماروں‘کے ساتھ یہ سلوک ریاست میں امن اور استحکام کیلئے ٹھیک نہیں ہے ۔دونوں انجنموں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالیوں کو فوری طور روک دینے کابھی مطالبہ کیا۔
’ملوثین کو کڑی سزا دی جائے‘
