یو این آئی
ملبورن/گزشتہ سال کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے مقابلے میلبورن کی پچ پر صرف چار ملی میٹر زیادہ گھاس ہونے کی وجہ سے باکسنگ ڈے پر پچ خاصی چیلنجنگ ثابت ہوئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی دن میں 20 وکٹیں گریں۔ یہ آسٹریلیا میں پہلے دن گرنے والی مشترکہ طور پر تیسری سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔ میزبان ٹیم 46 اوورز کے اندر 152 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جس کے بعد انگلینڈ بھی 30 اوورز سے کم میں محض 110 رنز پر ڈھیر ہو گیا۔ یہ سب ایم سی جی میں 94,199شائقین کی ریکارڈ ہجوم کے سامنے ہوا۔ دن کا اختتام شاندار ہوا، اسکاٹ بولینڈ، ٹریوس ہیڈ کے ساتھ اوپننگ کے لیے آئے اور انہوں نے ایک پورا اوور محفوظ طریقے سے کھیلا، جس سے پورے اسٹیڈیم میں موجود شائقین بے حد خوش ہوئے ، جو دن بھر کے سنسنی خیز کھیل کے بعد پہلے ہی اپنی نشستوں سے کھڑے تھے ۔ بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کے لیے بھیجا لیکن اس میں ایک عجیب ستم ظریفی یہ تھی کہ انگلینڈ، جو برسوں سے گھریلو سطح پر ہموار پچوں پر تیاری کرتا آیا تھا، ایک بار پھر سبز اور سوئنگ لینے والی پچ پر کھیل رہا تھا۔ آسٹریلیا کے چیلنج کے لیے اس نے اپنی فاسٹ بولنگ کی حکمتِ عملی اچھال اور رفتار کے مطابق بنائی، مگر حالات نے مختلف سوالات کھڑے کیے ۔ تاہم اس بار انگلش بولرز نے بہتر جواب دیا، فل لینتھ پر گیندیں کی اور فوری کامیابی حاصل کی۔ آسٹریلیا 152، انگلینڈ 110 رن پر آل آؤٹ ہو گیا۔ اس طرح آسٹریلیا کو اس میچ میں 46رنز سے برتری حاصل ہے ۔