میلبورن/ہندستان نے اپنے گیندبازوں کی مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 1-1سے برابر کرلی۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں 200 رنوں پر سمیٹ دیا اور فتح کے لئے ملا 70 رنوں کا ہدف دو وکٹیں گنوا کر پورا کرلیا۔ دونوں ممالک کے مابین یہ 100 واں ٹیسٹ تھا جس میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔رہانے کو پہلی اننگز میں ان کی شاندار سنچری کے لئے مین آف دی میچ قرار دیا گیاہے ۔ ہندوستان نے گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کی دوسری اننگز کو 200 رنوں پر ہی سمیٹ دیا۔ آسٹریلیا کو 69 رنوں کی برتری حاصل ہوئی اور ہندوستان کو جیت کے لئے 70 رنوں کا ہدف دیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندستان کے مینک اگروال اور چیتشور پجارا محض 19 رنوں پر ہی آؤٹ ہوگئے لیکن نوجوان اوپنر شبھمن گل نے ناٹ آؤٹ 35 رن اور کپتان رہانے نے ناٹ آؤٹ 27 رن بنا کر ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ مینک پانچ اور پجارا تین رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ مشیل اسٹارک نے مینک کو اور پیٹ کمنس نے پجارا کو آؤٹ کیا۔ لیکن چونکہ ہدف چھوٹا تھا اور ہندوستان کو اسے حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی۔ گل نے 36 گیندوں میں سات چوکے لگائے جبکہ رہانے نے 40 گیندوں میں تین چوکے لگائے ۔ اس طرح ہندستان نے میلبورن میں اپنی چوتھی جیت حاصل کی اور غیر ملکی سرزمین پر میلبورن ہندوستان کے لئے سب سے کامیاب میدان بن گیا۔ ہندستان کی میلبورن میں 14 ٹیسٹ میچوںمیں یہ چوتھی جیت ہے ۔ ہندستان نے پورٹ آف اسپین میں 13 ٹیسٹ میچوں میں تین ، کنگسٹن میں 13 ٹیسٹ میچوں میں تین اور کولمبو میں نو ٹیسٹ میچوںمیں تین ٹیسٹ جیتے ہیں۔ہندوستان کو فتح کی خوشی تو تب ہی مل گئی تھی جب اس نے تیسرے دن کے کھیل میں 131 رنوں کی برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کی دوسری باری میں 133 رنوں پر چھ وکٹیں گرادیئے تھے ۔ چوتھے دن آسٹریلیا نے یہاں سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن انڈیا نے اپنے گیندبازوں کی مضبوط کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کی اننگ پہلے ہی سیشن میں 103.1 اووروں میں 200 رنوں پر سمیٹ دی۔ہندوستان کے لئے اس میچ سے آغاز کرنے والے تیز گیندباز محمد سراج نے 21.3 اووروں میں 37 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ نے 14 اووروں میں 28 رن دے کر دو وکٹیں، جسپریت بمراہ نے 27 اووروں میں 54 رن دے کر دو وکٹیں ، آف اسپنر رویچندرن اشون نے 37.1 اووروں میں 71 رن پر دو وکٹیں اور امیش یادو نے 3.3 اوور میں پانچ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔چوتھے روز صبح کیمرون گرین نے 17 رن اور پیٹ کمنس نے 15 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور ٹیم کی اننگز کو بہتر کرنے کی کوشش کی۔ لیکن تیز گیندباز جسپریت بُمراہ نے مینک اگروال کے ہاتھوں کیچ کراکر کمنس کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ کمنس نے 103 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 22 رن بنائے ۔حالانکہ گرین نے اچھی باری کھیلتے ہوئے شراکت داری قائم کرنے کی کوشش کی ، لیکن ان کی یہ کوشش ناکام رہی اور سراج نے انہیں رویندر جڈیجہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کردیا۔ گرین نے 146 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 45 رن بنائے ۔نچلے آرڈر کے بلے باز ناتھن لیون بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور سراج نے انہیں رشبھ پنت کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کر دیا۔ لیون نے 15 گیندوں میں تین رن بنائے ۔ آخر میں مشیل اسٹارک نے جوش ہیزل ووڈ کے ساتھ مل کر ٹیم کو بہتر اسکور تک پہنچانے کی کوشش کی اور دونوں کے درمیان 10 ویں وکٹ کے لئے 15 رنوں کی شراکت داری رہی۔ لیکن لنچ سے کچھ دیر قبل ہی اشون نے ہیزل ووڈ کو بولڈ کرکے آسٹریلیا کو آخری جھٹکا دے دیا۔ ہیزل ووڈ نے 21 گیندوں میں 10 رن بنائے جبکہ اسٹارک 56 گیندوں پر 14 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ہندستان نے 70 رنوں کا ہدف دو وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔ رہانے اس طرح اپنی کپتانی میں پہلے تین ٹیسٹ جیتنے والے دوسرے ہندوستانی کپتان بن گئے ۔ اس سے قبل یہ کامیابی مہیندر سنگھ دھونی نے حاصل کی تھی۔دونوں ممالک کے مابین تیسرا ٹیسٹ 7 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ تاہم سڈنی میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر میلبورن کو تیسرے ٹیسٹ کے بیک اپ مقام کے طور پر رکھا گیا ہے ۔(یو این آئی)