سرینگر// حکومت کی طرف سے سرکاری ملازمین کو برطرف کرنے پر ملازمین کی اتحا دجماعت ایجیک نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان ملازمین کو بحال نہیں کیا گیا تو ملازمین جامع مہم چلائیں گے۔ ملازمین کے مشترکہ اتحاد ایمپلائز جوائنٹ ایکن کمیٹی کے صدر عبدالقیوم وانی نے اس فیصلے کو جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصل میں40ملازمین کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجیک ایسے ملازمین کو سماجی اور قانونی طور پر تمام تر سہولیات فرہم کرے گی۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ان ملازمین کو بحال نہیں کیا گیا تو سرکار کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم چلائی جائے گی اور ملازمین سڑکوں پر آئیں گے۔ وانی نے کہا کہ ایسے حربوں سے ملازمین کسی بھی صورت میں نہیں جھکیں گے اور نہ ہی حکومت کو اپنے حقوق روندنے کی اجازت دینگے۔انہوں نے کہا کہ عنقریب ہی ایجیک ایک خصوصی سیشن طلب کرنے جارہی ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ ایجیک صدر نے کہا کہ ایک طریقہ کار ہوتا ہے کہ ملازمین کی محکمانہ تحقیقات کی جاتی ہے تاہم اس طریقہ کار کو نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سرکار نے خفیہ پلان مرتب کیا جس پر وہ عمل پیرا ہے۔عبدالقیوم وانی نے حکومت کو ہوش کے ناخن لینے کی صلاح دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر ان ملازمین کو بحال کیا جائے جنہیں برطرف کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس زہریلے ایجنڈا پر عمل پیرا ہوکر چھوٹے درجے کے ملازمین کے خلاف جنگ چھیڑ دی گئی ہے تاہم ایجیک انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔