ملازمین و آفیسران کی سبکدوشی پر راجوری اور پونچھ میں کئی تقریبات کا اہتمام کیا گیا

ٹی ایس او منجا کوٹ سروس سے سبکدوش 

پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل سپلائی آفیسر منجا کوٹ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری میں 32سالہ سروس کرنے کے بعد سبکدوش ہو گئے ہیں ۔اس سلسلہ میں منجا کوٹ میں محکمہ کے ملازمین و ڈیلروں کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میں معززین نے بھی شرکت کی ۔تقریب کے دوران مقررین نے موصوف کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موصوف نے ایمانداری کیساتھ ہی اپنا فرض ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آفیسر موصوف نے مختلف جگہوں پر اپنی خدمات انجام دی ہیں جن کو ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا ۔مقررین نے موصوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہا ر بھی کیا ۔
 
 

آفیسران کیلئے الوداعی تقریبات کاانعقاد 

راجوری//راجوری میں محکمہ زراعت اور خاندانی بہبود نے ہفتہ کے روز سبکدوش ہونے والے ڈسٹرکٹ ایگریکلچر آفیسر بی کے شرما اور سب ڈویژن ایگریکلچر آفیسر اے کے آنند، جو کہ سرکاری خدمات سے سبکدوش ہوئے تھے کو گرمجوشی سے الوداع کرنے کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔چیف ایگریکلچر آفیسر کے دفتر میں منعقدہ اس تقریب میں چیف ایگریکلچر آفیسر راجوری اے ایس سی او راجوری، اے ڈی او (سبزی) راجوری، اپی کلچر ڈیولپمنٹ آفیسر راجوری ایس ڈی اے او نوشہرہ، ایس سی اے، اے ای او اور اے ای اے نے شرکت کی۔شرکاء نے سبکدوش ہونے والے افسران کی خدمات کو یاد کیا اور محکمہ زراعت میں ان کے تعاون کو سراہا۔ریٹائر ہونے والے افسران نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ محکمہ زراعت اور تمام ملازمین کے تعاون کیلئے ہمیشہ ان کے مقروض رہیں گے۔چیف ایگریکلچر آفیسر راجوری ایس سوہن سنگھ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور سبکدوش ہونے والے افسران کی خدمات کو سراہا۔
 

ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں تقریب کا اہتمام 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں سید نظیر حسین شاہ کی سبکدوشی پر ایک عالی شان تقریب کا انعقاد کیا گیا۔موصوف 1981 میں بطور کانسٹیبل جموں کشمیر آرمڈ پولیس میںبھرتی ہوئے جس کے بعد انہوں نے مختلف مقامات پر اپنی خدمات انجام دی ہیں ۔2019 میں ان کو اے ایس آئی کے طور پرترقی ملی جبکہ موصوف نے 40برس کی طویل خدمات انجام دی ہیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے مقررین نے کہاکہ موصوف نے محکمہ میں نہایت ہی ایماندری کیساتھ اپنی خدمات انجام دی ہیں ۔انہوں نے موصوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔
 
 

قربان حسین شاہ لیکچرار کے عہدے سے سبکدوش 

سرنکوٹ //سنئی سرنکوٹ کے سید قربان حسین شاہ محکمہ تعلیم میں اڑتیس سالہ خدمات انجام دینے کے بعد لیکچرار کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔وہ پانچ مئی 1984میں بطور استاد تعینات ہوئے تھے۔انہوں نے زیادہ تر ڈیوٹی ضلع پونچھ کے مختلف سکولوں میں انجام دی تاہم کچھ وقت کیلئے راجوری کے ہائراسکینڈری سکول دیری ارلیوٹ میں بھی تعینات رہے۔ وہ بیک وقت کئی شعبوں میں درس و تدریس کی مہارت رکھتے ہیں۔انہوں نے سوشالوجی ،انگلش اور فارسی میں پوسٹ گریجویٹ کررکھی ہے۔ا ن کی سبکدوشی بوائزہائراسکینڈری سکول مینڈھر سے ہوئی جہاں وہ فارسی کے لیکچرار تھے۔سکول میں موصوف کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔اس تقریب میں سکول کے عملے اور طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔بعد میں پرنسپل لطیف چوہدری ،پرنسپل ذوالفقار نقوی،پرنسپل ناطق جعفری کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں سے وابستہ بڑی تعداد میں اساتذہ انہیں گھر تک  چھوڑنے آئے۔اس دوران گھر میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مقامی لوگوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ قربان حسین شاہ نہ صرف ایک مخصوص شعبے بلکہ کئی شعبوں کے ماہر ہیں ،ان کاپڑھانے کا ڈھنگ بھی منفرد ہے ،یقینا ان کی کمی شعبہ تعلیم کو ہمیشہ رہے گی لیکن چونکہ ملازمت سے سبکدوشی ایک فطری عمل ہے اس لئے ہر ایک کو اپنی خدمات کی انجام دہی کے بعد سبکدوش ہوناہی ہے۔انہوں نے موصوف کی آئندہ زندگی کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔آخر پر قربان حسین شاہ نے سبھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہیں توقع سے زیادہ عزت افزائی ملی جس کیلئے وہ ہر ایک کے شکر گزار ہیں۔