بانہال // قصبہ بانہال میں ٹریفک جام کی بدعت پر قابو پانے کیلئے گذشتہ روز سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی طرف سے اپنے افسروں اور بانہال کے تاجروں ، سول سوسائٹی اور رضاکار انجمنوں کے ساتھ کی گئی میٹنگ کے بعد قصبہ بانہال میں ٹریفک جام پر قابو پایا گیا ہے اور ر مقامی لوگوں کی طرف سے قصبہ میں ٹریفک جام اور پارکنگ کے اہم مدعوں پر ہوئی میٹنگ کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ لمبے عرصہ بعد جمعرات کے روز شاہراہ پر قصبہ بانہال ٹریفک جام نہیں تھا۔ بدھ کے روز سب ڈویڑنل مجسٹریٹ بانہال ضمیر احمد نے بانہال کے مقامی تاجروں ، سول سوسائٹی ، پولیس ، ٹریفک پولیس ، مقامی رضاکاروں، میونسپل کمیٹی چیئرمین بانہال اور فوج کے افسروں کے ہمراہ ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں بانہال قصبے میں دن بھر مقامی گاڑیوں کی پارکنگ اور ٹریفک جام کیلئے مقامی تاجروں اور سول سوسائٹی کا تعاون طلب کیا گیا اور آپسی مشاورت کے بعد سب لوگ قصبہ بانہال میں بلاوجہ کی پارکنگ نہ کرنے پر متفق ہوگئے ۔ اس موقع پر قصبہ بانہال میں نیا بس اڈہ بنانے کیلئے بھی ایس ڈی ایم نے تاجروں ، سول سوسائٹی اور رضاکاروں کو یقین دہانی کرائی تھی اور کراوہ میں بنائے گئے بس سٹینڈ میں گاڑیوں کو پارک کرنے پر اتفاق ہوا۔ میٹنگ کے بعد جمعرات سے اس پر عملدرامد ہوا اور جمعرات کے روز قصبہ بانہال میں لمبے عرصے بعد کوئی ٹریفک جام نہ تھا اور نہ ہی بلاوجہ کی کوئی گاڑی پارک کی گئی ۔ اس دوران گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو قصبہ میں برلب شاہراہ پارک کرنے کی خلاف ورزی میں کئی گاڑیوں کو کرین لگا کر پولیس تھانے پہنچایا گیا۔ مجموعی طور پر جمعرات کو پہلے دن اس کوشش کا مثبت اثر پڑا ہے اور قصبہ بانہال میں ایک لمبے عرصے بعد کوئی ٹریفک جام نہیں تھا۔ اب یہ سلسلہ کب تک چلے گا یہ آنیو الا وقت ہی بتائے گا۔ عام لوگوں نے ایس ڈی ایم بانہال اور دیگر انتظامیہ اور مقامی تاجروں کاا س کاوش کا شکریہ ادا کیا ہے جس سے عام لوگوں کو راحت ملی ہے۔