عظمیٰ نیوزڈیسک
دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھارتی زبانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایک اہم بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت میں انگریزی بولنے والوں کو شرم آئے گی۔ انہوں نے بھارت کی مقامی زبانوں کو ملک کی ثقافت کا زیور قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ زبانیں ہماری شناخت کا اٹوٹ حصہ ہیں اور ان کے بغیر ہم ہندوستانی نہیں کہلا سکتے۔دہلی میں سابق سرکاری ملازم آئی اے ایس آشوتوش اگنی ہوتری کی لکھی ہوئی کتاب کے اجراء کے موقع پر امیت شاہ نے کہا،’’میری بات غور سے سنیں اور یاد رکھیں، اس ملک میں انگریزی بولنے والوں کو شرم آئے گی، ہم سب کی زندگی میں ایسے معاشرے کی تشکیل اب دور نہیں ہے۔ چیزوں کو وہی کر پاتے ہیں جو کرنے کی ٹھان لیتے ہیں اور میرا ماننا ہے کہ ہمارے ملک کی زبانیں ہمارا زیور ہیں۔ ان کے بغیر ہم بھارتی ہی نہیں ہیں۔ ہمارا ملک، اس کی تاریخ، ثقافت اور مذہب کو سمجھا ہے تو کسی غیر ملکی زبان نہیں سمجھنا ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ آدھی ادھوری غیر ملکی زبانوں سے ایک مکمل بھارت کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔ میں اس بات سے بخوبی واقف ہوں کہ یہ لڑائی کتنی مشکل ہے۔ مجھے یقین ہے کہ بھارت کا سماج یہ لڑائی جیتے گا۔ ہم اپنی مقامی زبانوں میں ملک بھی چلائیں گے، سوچیں گے، تحقیق کریں گے، فیصلے لیں گے اور دنیا پر حکومت بھی کریں گے۔ اس میں کسی کو شک کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔